وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے چائے سے متعلق بیان پر اداکار احسن خان پریشان
جمعہ 17 جون 2022 12:20
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
احسن اقبال نے پاکستانیوں کو کم چائے پینے کا مشورہ دیا تھا۔ (تصویر: احسن اقبال/فیس بک)
پاکستان میں سیاستدان اکثر ایسے بیانات دے جاتے ہیں جن سے نہ صرف عام شہری بلکہ شوبز انڈسٹری سے منسلک افراد بھی پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک بیان رواں ہفتے منگل کو پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے سامنے آیا۔
پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے لوگوں کو چائے کا استعمال کم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں احسن اقبال کہتے دکھائی دیے کہ ’میں یہ بھی قوم سے اپیل کروں گا کہ ہم چائے کی ایک ایک پیالی، دو دو پیالیاں کم کر دیں۔ کیونکہ جو چائے ہم امپورٹ کرتے ہیں وہ بھی ہم ادھار لے کر امپورٹ کرتے ہیں۔‘
پاکستانی ڈراموں کا ایک بڑا نام احسن خان بھی احسن اقبال کے اس بیان پر چپ نہ رہ سکے۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں احسن اقبال کے بیان کے حوالے سے لکھا کہ ’لیکن مجھے تو دن میں کم سے کم چار بار چائے پینا پسند ہے۔‘
احسن اقبال کے اس بیان کو مغربی میڈیا میں بھی کوریج دی گئی۔
امریکی ادارے وائس ورلڈ نیوز نے احسن اقبال کے بیان کے حوالے سے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان چائے کی درآمد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس نے سنہ 2020 میں 640 ملین ڈالرز کی چائے درآمد کی تھی۔‘