ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل
میڈیکل بورڈ ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرے گا (فوٹو: فیس بک)
رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
منگل کو کراچی کے پولیس سرجن کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے تشکیل دیے گئے بورڈ کی سربراہی ڈاکٹر سمعیہ سید کریں گی۔
بورڈ عدالتی احکامات کی روشنی میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے سنیچر کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیا تھا۔
سنیچر کو کراچی سٹی کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا۔
معروف ٹی وین اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین 9 جون کو اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جبکہ ہسپتال پہنچنے پر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عامر لیاقت حسین کے ورثا کی جانب سے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی درخواست پر نماز جنازہ بھی تاخیر کا شکار ہوا تھا۔
عامر لیاقت حسین کی موت کی اطلاع کے فوراً بعد ان کی پہلی بیوی سیدہ بشری اپنی بیٹی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پہنچیں اور انتظامیہ کو پوسٹ مارٹم سے منع کر دیا۔
انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ’عامر لیاقت کے بچوں کی رائے ہے والد کا پوسٹ مارٹم نہ کیا جائے اور ان کی آخری رسومات ادا کر دی جائیں۔‘