حج انتظامات کے لیے سعودی عرب کی کوششیں قابل تعریف: تیونسی صدر
حج انتظامات کے لیے سعودی عرب کی کوششیں قابل تعریف: تیونسی صدر
منگل 21 جون 2022 21:02
تیونس کے صدر نے عازمین حج کے پہلے قافلے کو رخصت کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
تیونس کے صدر قیس سعید نے کہا ہے کہ حج انتظامات کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ سعودی قیادت ہر سال عازمین حج کےلیے خدمات کا معیار پچھلے برس کے مقابلے میں زیادہ بہتر بناتی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق تیونس کے صدر نے قرطاج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کے پہلے قافلے کو رخصت کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’منی، مزدلفہ اور عرفات (مشاعر مقدسہ) کے عظیم منصوبوں کی بدولت مناسک حج میں بڑی سہولت ہوگئی ہے۔ عازمین اطمینان و سکون کے ساتھ حج ادا کررہے ہیں‘۔
تیونس کےعازمین حج کا پہلا قافلہ 253 افراد پر مشتمل ہے۔ تیونس کے وزیر مذہبی امور ابراہیم الشایبی، وزیر ٹرانسپورٹ ربیع المجیدی اور تیونس میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹرعبدالعزیز الصقر بھی عازمین حج کو الوداع کہنے کےلیے ایئرپورٹ پرموجود تھے۔
اس موقع پرسعودی سفیر نے کہا کہ’ سعودی عرب کے لیے عازمین حج کی خدمت اعزاز ہے۔ سعودی حکومت اپنے جملہ وسائل عازمین حج کی خدمت اور سکون و اطمینان کے ساتھ مناسک حج کی ادائیگی کےلیے وقف کیے ہوئے ہے‘۔