پاکستان میں کچھ دن موسم گرم رہے گا، مون سون بارشیں کب سے؟
بدھ 22 جون 2022 10:39
انعم قریشی -اردو نیوز، اسلام آباد
محکمہ موسمیات نے جون کے آخر میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی ہے (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں گذشتہ کچھ دنوں سے جاری پری مون سون بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے نیچے آگیا تھا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہو گئی تھی۔
پری مون سون بارشوں کا سلسلہ تو اب ختم ہو گیا ہے اور شہریوں کو کچھ دن خشک اور گرم موسم برداشت کرنا ہو گا تاہم محکمہ موسمیات نے جون کے آخر میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی ہے۔
ڈائریکٹر فورکاسٹ ظہیر الدین بابر نے اردو نیوز کو بتایا کہ پری مون سون بارشوں کا سپیل ختم ہو گیا ہے اور اب دن کے وقت درجہ حرارت بڑھے گا۔ ’گذشتہ کچھ دنوں سے درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی دیکھی گئی لیکن اب پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین سے چار دن تک موسم خشک اور گرم رہے گا۔
مون سون بارشیں کب سے شروع ہوں گی، اس سوال کے جواب میں ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ ’جون کے آخر اور جولائی کے شروع میں مون سون بارشیں ہوں گی۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے وسط تک رہتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس بار معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں جن سے سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ’معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پاکستان کو 2010 جیسی سیلابی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے۔‘