سعودی عرب کےعسیر ریجن میں مربہ پولیس سٹیشن نے ایک درانداز کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہری کو گرفتار کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے بیان میں کہا کہ’ درانداز اور سعودی شہری کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا‘۔
عسیر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ’ سعودی عرب میں دراندازی میں سہولت فراہم کرنے، دراندازوں کو ٹرانسپورٹ یا رہائش یا ملازمت سمیت کسی بھی طرح کی آسانی فراہم کرنے والے کو پندرہ برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی قانون کے بموجب درانداز کے سفر میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اس کی رہائش کی جگہ دونوں کو ضبط کیا جاتا ہے اور اس کی تشہیر بھی کی جاتی ہے‘۔