دراندازوں کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے والا سعودی گرفتار
سرحدی قوانین کی خلاف ورزی سنگین قانون شکنی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
القنفذہ کمشنری میں پولیس نے غیرقانونی طورپرسرحد عبور کرکے مملکت داخل ہونے والے 6 دراندازوں اور انہیں نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہری کوگرفتار کرلیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق غیرقانونی طورپرمملکت کی سرحد عبورکرنا سنگین قانونی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جبکہ ایسے افراد کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے والے بھی سنگین جرم کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
مکہ مکرمہ ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق دراندازوں کو نقل وحمل یا قیام وطعام ، روزگار کی سہولت فراہم کرنے والا کوئی بھی شخص خواہ سعودی شہری ہویا مقیم غیر ملکی وہ قانون شکنی کا مرتکب قرار پاتا ہے۔
ایسے افراد جودراندازوں کو نقل وحمل یا کسی اورطرح کی سہولت فراہم کرتے ہیں ان پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں وہ گاڑی یا مکان جہاں دراندازوں کو ٹہرایا گیا ہویا ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہواسے بحق سرکار ضبط کرلیا جاتا ہے۔