Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ میں نئی کہانیوں کا فقدان، فلم انڈسٹری کا ری میک پر انحصار

عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ہالی وڈ فلم کی کاپی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی فلم انڈسٹری بالی وڈ پر ہمیشہ سے ہی دیگر انڈسٹریز کی کہانیاں چرانے کا الزام رہتا ہے۔
بالی وڈ کے لیے امریکی فلم انڈسٹری یا پھر جنوبی انڈیا کی فلموں کو نئے انداز میں پیش کرنا معمول کی بات ہے۔
ایسی ہی ایک بالی وڈ فلم ’ہٹ، دی فرسٹ کیس‘ کا جمعرات کو ٹریلر جاری ہوا ہے جو دراصل تیلگو زبان کی فلم کی کاپی ہے۔
ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ فلم ایک ایسے پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو خود نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور اسے ایک لڑکی کے اغوا کا کیس سلجھانے کا کہا گیا ہے لیکن دوران تفتیش اس کی اپنی بیوی اغوا ہوجاتی ہے۔
اس سسپنس تھرلر فلم کی کاسٹ میں راجکمار راؤ اور ثانیہ ملہوترا شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر سائیلیش کولانو اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔
حال ہی میں اکشے کمار کی فلم ’رکشا بندھن‘ کا ٹریلر بھی ریلیز ہوا ہے۔ اس پر بھی الزام لگایا گیا ہے کہ یہ 2018 میں آنے والی پاکستانی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کی کاپی ہے۔
دیکھا جائے تو ’رکشا بندھن‘ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ کی کہانی میں غیر معمولی مماثلت ہے۔ رکشا بندھن کی طرح لوڈ ویڈنگ کی مرکزی کہانی بھی ایک بھائی کے گرد گھومتی ہے جسے بہنوں کی شادی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی دونوں فلموں کی کہانی میں مماثلت کا ذکر کیا گیا ہے۔
فلم لوڈ ویڈنگ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے اپنی ٹویٹ میں رکشا بندھن کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے طنز کیا کہ ’کیا یہ لوڈ ویڈنگ پرو میکس ہے؟ یہ لوڈ ویڈنگ مہنگی والی دیکھنا بھائی۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف لکھتے ہیں کہ ’رکشا بندھن کی بنیادی کہانی پاکستانی فلم لوڈ ویڈنگ جیسی ہے۔‘
امریکن جٹ نامی ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’بھائی ادھر اکشے کمار نے پاکستانی فلم لوڈ ویڈنگ کی کاپی بنا دی ہے رکشا بندھن۔‘
بالی ووڈ میں ری میک کا سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے۔ مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق فلم ’فورسٹ گمپ‘ کا ری میک ہے۔
کچھ عرصہ پہلے شاہد کپور کی ریلیز ہونے والی فلم ’جرسی‘ 2019 میں آنے والی تیلگو فلم ’جرسی‘ کا ہی ری میک تھی۔
اور ایسا بھی پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ بالی وڈ نے پاکستانی گانا چوری کیا ہو۔ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی انڈین فلم ’جگ جگ جیو' میں پاکستانی گلوکار ابرارالحق کا معروف گانا نچ پنجابن بھی بغیر حقوق اور اجازت کے چلایا گیا ہے۔
جس کے بعد ابرارالحق نے ٹوئٹر پر واضح کہا تھا کہ ’میں نے گانا نہیں بیچا ہے، یہ میرا چھٹا گانا ہے جو کاپی کیا گیا ہے۔‘

شیئر: