رواں برس کون سے بالی وڈ سٹارز کی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں؟
یہ فلم اگلے ماہ 29 جولائی کو ریلیز ہو گی (فوٹو: پنک ولا)
رواں برس بالی وڈ کے نامور ستاروں کی بہت سی ایسی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں جن کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
ان فلموں میں ’اک ولن 2، لال سنگھ چڈھا، وکرم ویدا، تھینک گاڈ، کبھی عید کبھی دیوالی اور رکشا بندھن شامل ہیں۔
اک ولن 2
شائقین کی نظریں اس وقت جان ابراہم، ارجن کپور، تارا ستاریا اور ڈیشا پٹانی کی فلم اک ولن 2 پر ہیں جو موہت سوری کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم اک ولن کا سیکوئل ہے۔
یہ فلم اگلے ماہ 29 جولائی کو ریلیز ہوگی۔ اس سے قبل اس فلم نے 8 جولائی کو ریلیز ہونا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ارجن کپور جان ابراہم، تارا ستاریا اور ڈیشا پٹانی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
رکشا بندھن
اکشے کمار بالی وڈ کے سب سے مصروف ہیرو ہیں۔ تقریباً ہر دو ماہ میں اکشے کمار کی نئی فلم ریلیز ہوتی ہے۔ اسی سلسلے میں اکشے کمار کی نئی آنے والی فلم رکشا بندھن کا منگل کے روز ٹریلر جاری کیا گیا۔
رکشا بندھن میں اکشے کمار ایک بھائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے اپنی بہنوں کی شادی کرنے کے لیے مسائل درپیش ہیں تو ساتھ اپنی شادی کرنے کا بھی معاملہ بھی کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔
ٹریلر کے مطابق اکشے کمار کی محبوبہ انہیں شادی کرنے پر مجبور کرتی ہیں، لیکن اکشے اپنی بہنوں کی شادی پہلے کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ان کی بہنوں سے شادی کرنے کو کوئی راضی نہیں ہوتا تو انہیں اپنی شادی کا الٹی میٹم مل جاتا ہے۔
فلم سوشل کامیڈی نوعیت کی ہے جسے آنند ایل رائی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم رکشا بندھن 11 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔
لال سنگھ چڈھا
بالی وڈ کے سپر سٹار عامر خان اور کرینہ کپور کی آنے والی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کو 11 اگست کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔
ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ہالی وڈ کی سپرہٹ ’فلم فارسٹ‘ گمپ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
فلم میں ٹائٹل رول عامر خان نے نبھایا ہے جو کہ ایک معذور بچے کا ہے۔ جس کو اس کی ماں مونا سنگھ اس وجہ سے پہاڑوں پر لے جاتی ہے کہ اس کے بیٹے کے ساتھ معاشرے کے عام لوگوں کی طرح برتاؤ کیا جائے۔
وکرم ویدا
ہریتک روشن، سیف علی خان اور رادھیکا آپتے کی فلم وکرم ویدا رواں برس 30 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔
اس فلم میں سیف علی خان ایک پولیس افسر کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے، اور گینگسٹر کا رول ادا کرنے والے ریتک روشن کا پیچھا کرتے نظر آئیں گے۔
تھینک گاڈ
سنہ 2019 کی کامیڈی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے بعد اجے دیوگن، اندرا کمار کی اس کامیڈی فلم میں بھی نظر آئیں گے۔ یہ فلم جولائی کے آخری ہفتے میں ریلیز ہونا تھی، لیکن پروڈیوسر بھشن کمار نے ’پنک ولا‘ کو بتایا ہے کہ حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کبھی عید کبھی دیوالی
اس فلم میں سلمان خان اور پوجا ہیگڑے مرکزی کردار نبھائیں گے، شہناز گِل کی سلمان خان کے ساتھ ڈیبیو کریں گی۔ اس فلم کو فرہاد سیم جی نے ڈائریکٹ کیا ہے اور سلمان خان فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ اسے رواں برس 30 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔