مشاعر مقدسہ میں موسم کی مسلسل نگرانی کے لیے ’ڈیجیٹل ونڈو‘
مشاعرمقدسہ اور مدینہ منورہ کا موسم بھی معلوم کیاجاسکے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے قومی مرکز نے اس سال حج پر آنے والوں کی سہولت کے لیے مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) کے موسم کا حال جاننے کے لیے ڈیجیٹل ونڈو قائم کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈیجیٹل ونڈو کے ذریعے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منی، مزدلفہ اور عرفات کی موسمی تبدیلیوں کے بارے میں چوبیس گھنٹے معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ماتحت آب و ہوا کی پیشگوئی بتانے والے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل حمزہ کومی نے کہا کہ ڈیجیٹل ونڈو نئے حج موسم پر مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں حج پر آنے والوں کی خدمت پر مامور افراد اور موسمی حالات کے مطابق کام کرنے والے اداروں کو درکار معلومات بھی مہیا ہوں گی۔
حمزہ کومی نے کہاکہ ڈیجیٹل ونڈو پر منی، عرفات اور مزدلفہ کے علاوہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور جدہ کا موسم بھی معلوم ہوسکے گا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے بارے میں موسم کے حوالے سے ہونے والی ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں توقعات بھی پیش کی جائیں گی۔ یہ بھی بتایا جائے گا کہ مذکورہ چھ مقامات پر انتہائی اور کم از کم درجہ حرارت کتنا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی دریافت کیا جاسکے گا کہ ان مقامات پر ہواؤں کا رخ کس جانب ہے اور ان کی رفتار کیاہے۔ رطوبت کی مقدار کے بارے میں بھی معلومات دی جائیں گی۔