مہلت ملنے پر سعودی حکومت کا شکریہ اور سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہاگیا
الخبر(بشیر احمد بھٹی) مشرقی ریجن میں شاہی مہلت سے فائدہ اٹھانے والے پاکستانی تارکین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کمیونٹی کے سرکردہ افراد کا اجلاس منعقد ہوا۔ حکومت کی طرف سے ملنے والی مہلت پر اظہار اطمینان اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سفارت خانے کی طرف سے کی گئی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ساجد حسین نے کی ۔مہمان خصوصی معروف سماجی شخصیت میاں غلام مرتضیٰ مرتضائی تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر امین طاہر نے ادا کئے۔ پاکستانی اسکول میں نوجوان اور پر عزم نئی انتظامیہ کی تعیناتی پر پاک سفارت خانے اور مقامی محکمہ تعلیم کے بروقت اور احسن اقدام کو بھی سراہا گیا۔ شرکاءمیں پروفیسر خالد،پروفیسر شہزاد بلال،پروفیسر اعجاز اکبر،آئی ٹی اسپیشلسٹ تیمور خان، معروف بزنس مین عقیل آرائیں، حافظ انور،محسن وڑائچ، انجینیئر راجہ قمر الزماں،انجینیئر بلال خان،ڈاکٹر محمود،رانا محمودعزیز، رانا اعجاز بشیر،ملک محمد یونس اور کمیونٹی کے دیگر سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ آخر میں پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔ رات گئے یہ پروقار تقریب پر تکلف عشائیہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔