عازمین حج سعودی حکومت کی بہترین خدمات کے معترف
حالة عمار بارڈر کراسنگ کے اہلکارعازمین کو خدمات فراہم کررہے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں حالة عمار بارڈر کراسنگ کے اہلکار سول، ملٹری اور سرکاری اداروں کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کے ایک مربوط نظام کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کے استقبال کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق خدمات کا مقصد عازمین حج کی مدد کرنا اور سعودی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز کی براہ راست نگرانی میں حج کمیٹی بھی طبی خدمات اور آگاہی کے پروگرام فراہم کرتی ہے۔
عازمین حج نے فراہم کردہ خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے عازمین حج کی خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
فلسطینی خاتون وداد ابراہیم نے اس سال کے عازمین حج میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی حکام کی فراہم کردہ خدمات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وداد ابراہیم نے کہا کہ ’ عازمین حج بہترین خدمات حاصل کر رہے ہیں اور اس کے لیے میں ان خدمات اور مہمان نوازی کی تعریف کرنا چاہوں گی۔ درحقیقت، وہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں سعودی حکومت اور لوگوں کی دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں جو دنیا کے کونے کونے سے حج کے مناسک ادا کرنے آتے ہیں۔‘
عازمین حج نے حالة عمار بارڈر کراسنگ کے ذریعے آنے والے عازمین حج کی مدد کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا۔
ایک اور فلسطینی وائل الحمیدات نے کہا کہ وہ اپنا پہلا حج کرنے کے موقع پر خوش ہیں۔ انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی شاندار خدمات پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔