دو لاکھ 14 ہزار سے زیادہ عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے
اس سال دس لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ رسول پر حاضری کےلیے اب تک دو لاکھ 14 ہزار سے زیادہ عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ’ حج پروازوں کے آغاز سے اب تک ایک لاکھ 89 ہزار 447 عازمین مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں‘۔
’ بری راستے سے 17 ہزار 344 عازمین حج الھجرۃ استقبالیہ سینٹر سے مدینہ منورہ میں داخل ہوئے‘۔
وزارت نے بتایا کہ’ ایک لاکھ 30 ہزار 308 عازمین مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں جبکہ مدینہ منورہ میں موجود مختلف ممالک کےعازمین کی تعداد 83 ہزار882 ہے‘۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’حکام عازمین حج کی خدمت اور ان کی یادوں کو خوشگوار بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے کوشاں ہیں‘۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد یہ پہلا حج ہے جس میں بیرون ملک سے عازمین کو آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سال دس لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔
حرمین شریفین کی انتظایمہ نے اس سال حج کے لیے آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے۔ عازمین کے خیرمقدم اور ان کی خدمت کےلیے دس ہزار کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے۔