پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی سہ ملکی ٹی 20 سیریز
دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش سے 11 اور 13 اکتوبر کو ہوگا (فوٹو:کرک انفو)
پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک بنگلہ دیش کے ساتھ سہ ملکی ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق تیسرے نمبر پر موجود پاکستان کا مقابلہ سات اکتوبر کو آٹھویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے اور اگلے دن چھٹے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
میچوں کے دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش سے 11 اور 13 اکتوبر کو ہوگا جبکہ فائنل 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان 23 اکتوبر کو میلبورن میں انڈیا کے خلاف میچ سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں دو کوالیفائر کھیلیں گی۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’مجھے خوشی ہے کہ ہم نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں شرکت کریں گے۔ اس سے نہ صرف آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہم آہنگی پیدا ہوگی بلکہ ہماری تیاریوں کو بھی حتمی شکل ملے گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں آخری سیریز سے محروم رہا اور کرائسٹ چرچ میں دو اچھی مخالف ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے کا منتظر ہوں۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف سات میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہو گی۔
انگلینڈ کی سیریز سے قبل پاکستان اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گا جو کہ کولمبو، سری لنکا میں 27 اگست سے 11 ستمبر تک شیڈول ہے۔