پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے کمرشل اتاشی مبشر الشہری نے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کے دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس دورے کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے کئی معاہدے ہوں گے اور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ‘
اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں سعودی کمرشل اتاشی مبشر الشہری نے بتایا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا دورہ انتہائی مفید رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کے تاجروں اور کاروباری افراد مل بیٹھنے کا موقع ملا بلکہ وفد نے متعدد شہروں میں چیمبرز آف کامرس، کاروباری یونٹس اور فیکٹریوں کا دورہ کیا جس سے سرمایہ کاری کے مواقع اور زمینی حقائق کو سمجھنے میں آسانی ہوئی۔‘
مزید پڑھیں
-
’سعودی عرب سے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘Node ID: 679176
سعودی کمرشل اتاشی نے کہا کہ سیالکوٹ میں کھیلوں کا سامان، فارموسوٹیکل آلات اور پینٹ بنانے والے بنانے والے کارخانوں کا دورہ سعودی سرمایہ کاروں کے لیے خاص اہمیت کا حامل رہا اور انھوں نے اس میں خاص دلچسپی لی۔
مبشر الشہری کے بقول ’پلاسٹک کی مصنوعات، پینٹ، قابل تجدید توانائی اور تعمیرات کے شعبے میں جلد ہی دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان معاہدوں کا امکان ہے۔ جس کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی بلکہ دو طرفہ تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ سعودی سرمایہ کار پیداواری شعبے بالخصوص لائیو سٹاک، چاول اور خوراک کی دیگر اجناس میں بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے دونوں ممالک کی تجارتی فہرست میں مزید اشیاء شامل ہو جائیں گی۔

مبشر الشہری کے مطابق ’اس دورے کے بعد کئی فالو اپ دورے ہوں گے جن میں پاکستانی سرمایہ کار اور تاجر سعودی عرب جائیں گے۔ اگلے مرحلے میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور کمپنیاں دورے کریں گی تاکہ سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کو حقیقت کا رنگ دیا جا سکے۔‘
خیال رہے کہ سعودی وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے فالو اپ کے طور پر گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس وفد میں 30 سرمایہ کار شامل تھے جنہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم وفاقی وزراء، خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاری بورڈ حکام اور چیمبر آف کامرس کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کی تھیں۔
اس دورے کے بعد اختتام پر وفد کے سربراہ فہد بن محمد الباش نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ’پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع نظر آئے ہیں جن پر مستقبل قریب میں پیش رفت ہوگی۔‘
