Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تجارتی تعاون کے علاوہ کوئی آپشن نہیں‘

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ اور سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے پاس باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کے علاوہ کوئی آپشن ہی موجود نہیں ہے۔ 
اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی تعاون دونوں ممالک کے مجموعی تعلقات کے مقابلے میں اُمیدوں پر پورا نہیں اترتا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے آئے ہیں۔ پاکستان میں زراعت، فارماسیوٹیکل، طبی آلات، فوڈ پروسیسنگ سمیت بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ ہم جوائنٹ وینچرز کے ذریعے بھی سرمایہ کاری کریں گے اور براہ راست سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔‘
سعودی پاک بزنس کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ’پاکستاں کی بہت مصنوعات سعودی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان میں اضافہ ہو۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ تک رسائی فراہم کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں 11 ہزار کارخانے ہیں جن کی مصنوعات دنیا بھر میں جاتی ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان میں بھی آئیں۔‘
فہد بن محمد الباش نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو بھی یہ بات معلوم ہے کہ ہمیں ںاہمی تجارتی اور معاشی تعاونکو فروغ دینا ہے اسی وجہ سے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر کر رہی ہیں۔ 
اس سے قبل اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا کہ جس طرح دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے تعلقات ہیں باہمی معاشی تعاون اور تجارت کی سطح بھی اتنی ہی بلند ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں زراعت، لائیو سٹاک، آٹو سیکٹر اور سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ہیومین ریسورس میں سرمایہ کاری اس لیے بھی اہم ہے کہ سعودی عرب میں 20 فیصد افرادی قوت کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار بھی سعودی عرب میں سرمایہ کاری کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ طے شدہ اہداف کو حاصل کر سکیں۔ آج کی ملاقاتیں آغاز ہیں جن کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔‘
پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر شکیل منیر نے کہا کہ پاکستانی تاجر سعودی سرمایہ کاروں جوائنٹ وینچرز کی دعوت دیتے ہیں اور آج کی ملاقاتوں کے نتیجے میں سرمایہ کاری سے متعلق کاروباری معاہدے بھی ہوں گے۔  

شیئر: