جدہ بندرگاہ پر 30 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
جدہ بندرگاہ پر 30 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
بدھ 29 جون 2022 17:58
سمگلنگ میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے کہا ہے کہ ’جدہ بندرگاہ پر 30 لاکھ 10 ہزار نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے بیان میں کہا کہ’ محکمہ انسداد منشیات نے زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے تعاون سے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے‘۔
نشہ آور گولیاں قیمتی پتھروں اور دیگراشیا میں چھپا کر جدہ لائی گئی تھی۔ سمگلنگ میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پکڑے گئے افراد میں سے تین کا تعلق ترکی، ایک وزٹ ویزے اور ایک شامی شہری عمرہ ویزے پر تھا اور ایک مقیم غیرملکی تھا جبکہ چار سعودی شہری بھی اس میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ’ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرکے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان نے کہا کہ ’جرائم پیشہ عناصر مختلف طریقوں سے نشہ آوراشیا سعودی عرب سمگل کرکے مملکت کی ریڑھ کی ہڈی پر وار کرنے کی کوشش میں ہیں۔ سیکیورٹی اہلکار چوبیس گھنٹے مستعدی سے اس قسم کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔