مدینہ ایئرپورٹ اور بطحا چیک پوسٹ پر منشیات سمگل کرنے کی تین کوششیں ناکام
مدینہ ایئرپورٹ اور بطحا چیک پوسٹ پر منشیات سمگل کرنے کی تین کوششیں ناکام
جمعہ 27 مئی 2022 18:02
سامان اور پارسل کے ذریعے نشہ آور پاؤڈر سمگل کیا جارہا تھا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں زکوۃ ٹیکس و کسٹم اتھارٹی نے البطحا سرحدی چیک پوسٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 18 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر سمگل کرنے کی تین کوششیں ناکام بنائی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سامان اور پارسل کے ذریعے نشہ آور پاؤڈر سمگل کیا جارہا تھا۔
بیان میں اتھارٹی نے بتایا کہ’ امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 6.9 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ ایک مسافر بیگ کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپا کر نشہ آور پاؤڈر لے کر مملکت پہنچا تھا‘۔
اتھارٹی نے بتایا کہ’ البطحا سرحدی چیک پوسٹ کے راستے 1.7 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایک مسافر اپنے سامان میں نشہ آور پاؤڈر چھپائے ہوئے تھا‘۔
’ایک ٹرک میں 10.114 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر سرامک کے اندر ٹیشو پیپرز کے ڈبوں میں مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ ٹشو کے ڈبے ٹرک کے کیبن میں رکھے گئے تھے‘۔
اتھارٹی کے مطابق’ تینوں کوششیں انسداد منشیات محکمے کے تعاون سے ناکام بنائی گئی ہیں۔ نشہ آور پاؤڈر وصول کرنے والے تین افراد کوبھی گرفتارکیا گیا ہے‘۔