مملکت میں 5 ماہ کے دوران منشیات سمگلنگ کی 465 کوششیں ناکام ہوئیں
سب سے زیادہ کوششیں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی سامنے آئی ہیں(فائل فوٹو الوطن)
سعودی زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ’ سال رواں کے شروع سے مئی کے آخر تک پانچ ماہ کے دوران 18 ملین سے زیادہ نشہ آورگولیوں اور5 ہزار کلو گرام نشہ آور اشیا سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق زکوۃ اتھارٹی نے اتوار کو بیان میں کہا کہ’ منشیات سمگلنگ کی 465 کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں‘۔
’سمگلروں نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں کے راستے مختلف حربے اختیار کرکے نشہ آورگولیوں اور منشیات سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
زکوۃ اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ سب سے زیادہ کوششیں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی سامنے آئی ہیں جبکہ حشیش، ہیروئن، کوکین اور نشہ آور پاؤڈر بھی سمگل کیا جارہا تھا‘۔
زکوۃ اتھارٹی نے بتایا کہ’ کسٹم افسران نے 41 چیک پوسٹوں پر سیکیورٹی کی جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ سراغرساں کتوں کی مدد سے بھی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی ہیں‘۔