Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آجر کی منظوری کے بغیر کن صورتوں میں گھریلو ملازم  کا نقل کفالہ ممکن؟

وزارت نے گھریلو ملازمین کے نقل کفالہ کی مشروط اجازت دی ہے  (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے گھریلو ملازمین کے نقل کفالہ کی مشروط اجازت دی ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ گھریلو کارکن کسی اور آجر کے نام نقل کفالہ کرا سکتے ہیں اس کے لیے موجودہ آجر کی منظوری ضروری نہیں۔
وزارت افرادی قوت نے گھریلو عملے کے لیے آزمائشی مرحلے اور نئے آجر کی جانب سے پیش کش کے ضوابط بھی مقررکیے ہیں۔ 
وزارت ملازمت کا معاہدہ مکمل ہونے پر گھریلو کارکن کو خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) کی کارروائی کا موقع مہیا کرے گی۔ 
بیان میں کہا گیا کہ گھریلو کارکن اور وہ اجیر جو گھریلو کارکن کے دائرے میں آتے ہوں انہیں کسی اور کے یہاں نقل کفالہ کی اجازت ہے۔ اس کے لیے بعض صورتوں میں موجودہ آجر کی منظوری ضروری نہیں۔ اگر مسلسل تین ماہ یا کل ملا کر تین ماہ تک گھریلو کارکن کے کفیل نے تنخواہ نہ دی ہو اور اس کا ذمے دار گھریلو کارکن نہ ہو تو اس صورت میں نقل کفالہ کی اجازت ہوگی۔ 
اس صورت میں بھی نقل کفالہ کرایا جا سکتا ہے کہ اگر گھریلو ملازمہ باہر سے آئی ہو اور اس کے سپانسر نے ریکروٹنگ ایجنسی یا اسے پناہ دینے والے ادارے سے اطلاع کے بعد پندرہ روز کے اندر اپنے یہاں نہ بلایا ہو۔ 
ایک صورت یہ ہے کہ گھریلو ملازمہ کے آجر نے ملازمہ کا اقامہ نہ بنوایا ہو یا اقامے کی تاریخ ختم ہونے پر30 روز گزر چکے ہوں اور اقامے کی توسیع نہ کرائی ہو۔ گھریلو کارکن کے آجر نے ملازم یا ملازمہ  کو محنتانے پر کسی اور کے حوالے کردیا ہو۔ 
مزید پڑھیں
گھریلو کارکن کے ساتھ آجر یا اس کے خاندان کے کسی فرد نے برا سلوک کیا ہو۔ گھریلو ملازم نے اپنے آجر کے خلاف شکایت درج کرائی ہو  اور شکایت کے فیصلے میں تاخیر کا ذمے دار اس کا آجر ہو اور گھریلو ملازم شکایت نمٹانے میں تاخیر کا ذمے دار نہ ہو۔ 
گھریلو کارکن کے آجر نے گھریلو کارکن کے خلاف ھروب کی غلط رپورٹ درج کرائی ہو۔ گھریلو کارکن کا آجر یا اس کا نمائندہ شکایت کیس کی تاریخ پر متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوا ہو دو تاریخوں پرغیر حاضر رہ چکا ہو۔ 
شکایت کی سماعت کے دوران متعلقہ ادارے نے سفارش کی ہو کہ اگر نقل کفالہ نہ ہوا تو ایسی صورت میں گھریلو ملازم ممکنہ مسائل سے دوچار ہوسکتا ہے۔ اگر گھریلو ملازم کا آجر سفر یا قید ہوجانے یا کسی اور وجہ سے غیرحاضر ہو اور اس  وجہ سے وہ گھریلو ملازز کا محنتانہ ادا نہ کر پارہا  ہو۔ 
ایسی صورت میں گھریلو ملازم کا نقل کفالہ دوسرے آجر کے یہاں پہلے آجر کی لاعلمی میں ہوسکتا ہے۔ گھریلو ملازم کے آجر نے آزمائشی مرحلے میں ملازمت کا معاہدہ ختم کردیا ہو۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: