جدہ :عید قربان کے لیے مذبح خانوں کا لائحہ عمل جاری
جدہ :عید قربان کے لیے مذبح خانوں کا لائحہ عمل جاری
جمعہ 1 جولائی 2022 9:07
مذبح خانے نماز فجر کے بعد سے رات 8 بجے تک کام کریں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت ماحولیات وپانی و زراعت مکہ مکرمہ برانچ نے جدہ کمشنری میں مذبح خانوں کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کی جانب سے مرتب لائحہ عمل میں اس امرکا خیال رکھا رکھا گیا ہے کہ جدہ کے لوگوں کو شہر کے مذبح خانوں میں وہ تمام سہولتیں مہیا ہوں جن کی انہیں ضرورت ہے۔
شہر میں دو مرکزی مذبح خانے ہیں جن میں ایک مذبح مشرقی شاہراہ دوسرا ’خمرہ‘ کی بکرا منڈی میں ہے۔
مقامی حکام نے عید کے دوران لائسنس ہولڈر کیٹرنگز (مطابخ) کوبھی اپنے یہاں قربانی کے جانور ذبح کرنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ یہ انتظامات قربانی کے خواہشمند حضرات کو سہولت فراہم کرنے اور رجسٹرڈ مذابح میں بھیڑ بھاڑ کم کرنے کی غرض سے کیے گئے ہیں۔
وزارت ماحولیات نے بتایا کہ جدہ کے مذبح خانوں میں 60 رضاکار بھی انتظامات میں حصہ لیں گے۔
اس حوالے سے 4 روزہ ‘اضحیتی‘ (میری قربانی) پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ 9 جولائی سے بارہ جولائی تک جاری رہے گا۔ اس کا مقصد معاشرے میں رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
جدہ کے مذبح خانوں میں 10 سے زیادہ جانوروں کے ڈاکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 27 نگراں اور کنٹرولر مقرر ہیں۔ 340 قصاب اور 317 ورکرزکی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
مذبح خانوں میں 8 گھنٹے کی ایک شفٹ کے دوران 5 ہزار جانور ذبح کرنے کی گنجائش ہے۔
قربانی کے عمل کو منظم کرنے کے لیے متعدد مراحل پرمشتمل لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ قربانی کرنے کے خواہشمند افراد کے مذبح پہنچنے سے لے کر اسے مذبوحہ جانور حوالے کرنے تک ہر مرحلے کے تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ ہر مذبح میں قصابوں کو5 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
جانوروں کے ڈاکٹروں، ورکرز، قصابوں، تکنیکی عملے اور کنٹرولرز سمیت سب کے لیے سپیشل وردی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مذبح خانے صبح نماز فجر کے بعد سے رات 8 بجے تک کام کریں گے۔