’مالک مکان کو کرائے دار کی بجلی منقطع کرنے کا اختیار نہیں‘
فلیٹ کرائے پر دینے کے بعد مالک کو ڈپلیکیٹ چابی لینے کا حق نہیں ہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں ایجار نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ فلیٹ کرائے پر دینے کے بعد مالک کو ڈپلیکیٹ چابی لینے کا حق نہیں ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی اختلاف کی صورت میں متعلقہ عدالتی ادارے سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق الایجار نیٹ ورک کے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ ’مالک کو یہ اختیار نہیں کہ وہ فلیٹ یا رہائشی مکان کی بجلی، پانی یا گیس منقطع کرے اس صورت میں یہ خلاف قانون تصور ہو گا۔‘
ضوابط کے مطابق ’کسی بھی نوعیت کا اختلاف ہونے پر کرایہ دار کو حق حاصل ہے کہ وہ کرایہ داری کے قانون کے مطابق رئیل سٹیٹ ثالثی کے ادارے سے رجوع کرے۔‘
واضح رہے ایجار نیٹ ورک کی جانب سے رہائشی اپارٹمنٹس کے حوالے سے ہر قسم کی وصولی اور ادائیگی ڈیجیٹل رسید کے ذریعے کی جاتی ہے۔
کرایہ داری کی خدمات کے لیے ڈیجیٹل کرایہ نامہ حاصل کرنا بنیادی شرط ہے جسے ایجار نیٹ ورک کے ذریعے تصدیق کرانا بھی ضروری ہوتا ہے۔
کرایہ دار اور مالک مکان کی جانب سے متفقہ طور پر شرائط طے کیے جانے کے بعد کرایہ نامہ کی تصدیق کی جاتی ہے جس پر فریقین کے دستخط ہونا ضروری ہوتا ہے۔