Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرایہ نامہ ’ایجار‘میں رجسٹر نہ کرنے پر جرمانہ

کرایہ اصل مالک کو ادا نہ کرنے والے ایجنٹ کا لائسنس منسوخ ہوگا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں کرائے کے قانون کو منظم کرنے کے لیے جاری کیے گئے ’ایجار‘ سسٹم میں قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک سے 25 ہزار ریال جرمانے کے علاوہ لائسنس کی منسوخی کی سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔ 
 ویب نیوز اخبار24  نے اس حوالے سے ’ایجار‘ سسٹم کی جانب سے جاری قواعد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے مطابق کسی بھی فلیٹ، عمارت، دکان یا دیگر جائیداد کو کرایے پر دیتے وقت حکومت کے ’ایجار‘ سسٹم میں کرائے نامے کو رجسٹر کرنا لازمی ہے۔ 
کرایے کی وصولی کے لیے دی جانے والی رسید پر ’ایجار‘ سسٹم کا رجسٹریشن نمبر اور تاریخ درج نہ کرنا بھی خلاف ورزی شمار ہوگی جس پر کم از کم ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ 25 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ پراپرٹی ڈیلر یا اسٹیٹ ایجنٹ کا دفتر بھی ایک برس کے لیے سیل کیا جا سکتا ہے۔  
 قانون کے مطابق کرایے کی مد میں وصول کی گئی رقم اصل مالک کو ادا کیے بغیر ذاتی طور پر استعمال کرنے والے پراپرٹی ڈیلر یا اسٹیٹ بروکر پر 25 ہزار ریال تک جرمانے کے علاوہ لائسنس بھی مستقل طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔ 
ایجار سسٹم کے تحت سب سے کم جرمانہ کرایے نامے کو ’ایجار‘ کے پورٹل پر اپ  لوڈ نہ کرنا ہے جس پر ایک ہزار ریال جرمانے کے علاوہ ایجنسی کا لائسنس بھی ایک برس کے لیے منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں کرایے کے قانون کو منظم کرنے کے لیے گزشتہ برس سے شروع کیے جانے والے ڈیجیٹل پروگرام ’ایجار‘  کو منظم کرنے کے لیے منصوبے پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔ 
آئندہ برسوں میں روایتی کرایے ناموں کی جگہ ’ایجار‘ کے پورٹل سے ڈیجیٹل کرایے نامے ہی جاری کیے جائیں گے جسے نیشنل ایڈریس سے منسلک کیا جائے گا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں۔

شیئر: