مدینہ منورہ میں ترقیاتی کاموں سے عازمین حج کو سہولت
مدینہ منورہ میں ترقیاتی کاموں سے عازمین حج کو سہولت
اتوار 3 جولائی 2022 22:02
مسجد نبوی کے اطراف عازمین کے لیے خصوصی بینچز نصب کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب مدینہ منورہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے اس سال عازمین حج کوکافی سہولت ہورہی ہے۔ شہر کے مرکزی علاقے کے علاوہ دیگرمقامات پربھی متعدد ترقیاتی امور انجام دیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہر کے مرکزی اوردیگر علاقوں کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہاں آنے والے زائرین اورعازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اوروہ آرام وسکون سے شہر میں گھوم سکیں۔
شہر کے مرکزی علاقے جو مسجد نبوی کے اطراف کا ہے جہاں عازمین وزائرین کے آرام کرنے کے لیے خصوصی بینچز نصب کی گئی ہیں جبکہ ماحول کو خوبصورت بنانے کے لیے جگہ جگہ پودے بھی لگائے گئے ہیں۔
پارکوں اور عوامی مقامات پرصفائی کا خصوصی اہتمام ہے(فوٹو ایس پی اے)
پارکوں اور عوامی مقامات پر مستقل طور پر صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اس ضمن میں صفائی کا عملہ ہمہ وقت وہاں موجود ہوتا ہے۔
پیدل چلنے والے راستوں کو لگائے گئے بجلی کے بلب ماحول دوست ہیں۔ مرکزیہ کے علاقے کی شاہراہ پرٹریفک کی روانی کو مستقل طورپربحال رکھنے کے لیے بسوں کےلیے خصوصی ٹریکس ہیں جبکہ دیگرگاڑیوں کےلیے ٹریکس جدا ہیں۔