مدینہ منورہ ریجن میں شاہراہوں کی تعمیر کے نئے منصوبے
مدینہ منورہ ریجن میں شاہراہوں کی تعمیر کے نئے منصوبے
منگل 21 جون 2022 20:07
مدینہ منورہ میں سرکلر روڈ تھری مکمل کی جا رہی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت نقل و حمل و لاجسٹک خدمات نے مملکت بھر میں سڑکوں کا پانچ ہزار کلو میٹر سے زیادہ کا نیٹ ورک قائم کرنے میں کامیابی کے بعد مدینہ منورہ میں مقامی شہریوں اور زائرین کو ٹرانسپورٹ کی مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے منصوبے شروع کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت مدینہ منورہ میں سرکلر روڈ تھری کی تکمیل کرا رہی ہے۔ یہ دس کلو میٹر سے زیادہ طویل ہے۔
علاوہ ازیں 13.87 کلو میٹر طویل ایک اور پروجیکٹ مکمل کیا جا رہا ہے جو مدینہ منورہ ریجن میں پانچویں گروپ سے متعلق ہے۔ اس کے تحت ھجرہ روڈ پر امیر سلطان چوراہے کا باقی کام مکمل کیا جارہا ہے۔ امیرسلطان روڈ کے چوراہے کی نچلی گزر گاہ کا باقی ماندہ کام مکمل ہورہا ہے۔
امیر نایف روڈ کا باقی حصہ بھی مکمل کیا جارہا ہے۔ یہ 795 میٹرطویل ہے۔ اس کے تحت 60 میٹرطویل المراعی پل کا دوسرا حصہ مکمل کیا جارہا ہے۔
وزارت نقل و حمل مدینہ منورہ ریجن روڈز کی اصلاح و مرمت کے کام بھی کرا رہی ہے جبکہ ریجن کی شاہراہوں پر شمسی توانائی سے چوراہوں پر روشنی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اب تک اس حوالے سے چار چوراہوں پر روشنی کا انتظام کیا گیا ہے دیگر چھ پر کام جاری ہے۔