Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین گلوکار سدھو موسے والا کا قاتل گرفتار، پولیس کا دعویٰ

18 برس کے انکت سرسا کو پولیس نے دہلی کے بس اڈے سے گرفتار کیا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے مشہور ریپ گلوکار اور کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کے مبینہ قاتل انکت سرسا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ انکت سرسا گولی چلانے والوں میں مرکزی کردار ہے اور اس نے انتہائی قریب سے سدھو موسے والا پر فائرنگ کی تھی۔
اتوار کی رات کو 18 برس کے انکت سرسا کو پولیس نے دہلی کے بس اڈے سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی گینگ کے رکن ہیں۔
اس نے مبینہ طور پر سدھو موسے والا پر چھ گولیاں چلائیں۔ ان کے قریبی ساتھی سچن ورمانی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
29 مئی کو سدھو موسے والا کو پنجاب میں قتل کیا گیا تھا۔ ان کو 19 گولیاں لگی تھیں۔
دہلی پولیس کے ذرائع نے کہا ہے کہ انکت سرسا سدھو موسے والا کے قریب گئے۔ وہ اس وقت ڈرائیونگ کر رہے تھے جب انکت سرسا نے ان پر فائرنگ کی۔
متعدد تصاویر میں انکت سرسا نے کلاشنکوف سمیت مخلتف قسم کا اسلحہ اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔
سدھو موسے والا کو قتل کرنے سے ایک دن قبل مبینہ طور پر انکت سرسا نے کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار سے ہدایات حاصل کی تھیں۔
گولڈی برار لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی ہیں۔ گولڈی برار نے قتل کے فوراً بعد ایک فیس بک پوسٹ میں سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شیئر: