امارات میں عید الاضحی کی نماز اور خطبے کا دورانیہ 20 منٹ
ضروری احتیاطی تدابیر اور کووڈ سے بچاؤ کے لیے پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عید الاضحی کی نماز، قربانی اور حج سے واپسی کے بعد معمول کی زندگی گزارنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اور کووڈ سے بچاؤ کے لیے پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں حکومتی ترجمان ڈاکٹر طاہر العامری نے کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے پیشگی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ بلومبرگ نےکورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مثالی کارکردگی والے ممالک میں متحدہ عرب امارات کو دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رکھا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امارات نے موثر انداز میں وبا کا مقابلہ کیا ہے‘۔
ڈاکٹر طاہر العامری نے کہا کہ ’عید الاضحی کی نماز اور خطبے کا دورانیہ مقرر کردیا گیا ہے۔ 20 منٹ میں یہ تمام کام کرنے ہوں گے‘۔
’نمازیوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ عید الاضحی کی نماز اور خطبہ سنتے وقت ماسک پہنے رہیں۔ ایک دوسرے سے ایک میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔ ہر فرد اپنی جا نماز استعمال کرے۔ عید الاضحی کی نماز کے لیے جامع مساجد اور مصلوں کے دروازے فجر کے بعد کھولے جائیں گے۔ پولیس،ِ رضاکار اور ائمہ نمازیوں کی آمد ورفت کو کنٹرول کریں گے۔ نماز کےعمل کو منظم اور اژدحام سے روکا جائے گا‘۔
عید کی نماز سے قبل تکبیرات نشر کرنے کے لیے لاؤڈ سپیکر آدھے گھنٹے کے لیے کھولے جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’عید الاضحی پر نمازی ایک دوسرے سے مصافحہ نہ کریں۔ سلام پر اکتفا کریں اور دور سے مبارکباد دیں۔ عیدی تقسیم کرنے کے لیے آن لائن سسٹم استعمال کریں۔ ایک فیملی کے افراد عید ملن کا اہتمام کریں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ اس کا خیال اس وقت زیادہ رکھا جائے جب تقریب میں بوڑھے اور لاعلاج بیماریوں میں مبتلا افراد موجود ہوں۔ عید سے قبل پی سی آر ٹیسٹ ضرور کرالیں‘۔
العامری نے کہا کہ’ قربانی کے جانورغیرپیشہ ور کارکنان سے نہ ذبح کرائے جائیں جو ایسا کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ مویشیوں کی منڈیوں اور مذابح پر چھاپے مارے جائیں گے‘۔
ڈاکٹر طاہر العامری نے کہا کہ’ حج سے امارات واپس آنے والے پی سی آر ٹیسٹ ضرور کرائیں۔ یہ ضروری نہیں تاہم ایسے افراد جن کی صحت متاثر ہو ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علامتیں نمودار ہونے پر یا واپسی کے چوتھے روز پی سی آر ٹیسٹ کرالیں‘۔
ترجمان نے کہاکہ ’حج سے امارات واپس آنے والے واپسی کے پہلے سات روز کے دوران ماسک کی پابندی کریں اور ملنا جلنا کم رکھیں۔ گھر سے ضرورت کے تحت باہر نکلیں۔ انفلوائنزہ کی علامتیں نمودار ہونے پر ہیلتھ سینٹر سے رجوع کیا جائے‘۔