Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس کے ٹیسٹ میں ناکامی کی وجوہات کیا؟

امارات میں ڈرائیونگ لائسنس لینے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی میں گذشتہ دو برسوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ میں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی کیوں ناکام ہوتے ہیں، اس کے تین اسباب سامنے آئے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی محکمہ روڈز و ٹرانسپورٹ نے بیان میں کہا کہ پچھلے دو سالوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کا امتحان دینے والے بیشترافراد فیل ہوتے رہے ہیں،اس کے کئی اسباب ریکارڈ پر آئے ہیں۔ 
دبئی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس کےامیدواروں سے کہا ہے کہ وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے ضروری باتوں کا خیال رکھیں۔ سب سے پہلے ہر وقت پراعتماد رہیں تاہم حد سے زیادہ اعتماد کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ ایسے میں بڑی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ 
محکمہ ٹریفک نے کہا کہ ٹیسٹ دینے والے تین غلطیاں کرتے رہے ہیں۔ پہلی غلطی یہ کہ امتحان دیتے وقت ڈرائیور کلچر کا لحاظ نہیں رکھا گیا۔ مثال کے طور پر ٹیسٹ کے وقت حفاظتی بیلٹ کا دھیان رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ عقبی نشست کی سواریوں کے لیے بھی اس بات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
دوسری غلطی یہ کی گئی کہ ٹیسٹ دینے سے قبل آرام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ٹیسٹ کے وقت امیدوار کی ساری توجہ ڈرائیونگ پر مرکوز رہتی ہے۔ ناکامی کی تیسری وجہ یہ ہے کہ ڈرائیونگ ٹریک کے درمیان آنے والی ایسی جگہوں سے ناواقفیت جہاں گاڑی حادثے کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے گاڑی موڑتے وقت اور ٹریک کی تبدیلی کے وقت غلطیاں ہوتی ہیں۔
یہ تین بڑے اسباب ہیں جن کی وجہ سے دو سالوں کے دوران گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے امیدوار اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
دبئی میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ماتحت ڈرائیونگ لائسنس ادارے کے انچارج احمد محبوب نے مشورہ دیا کہ جو افراد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہتےہیں وہ ٹیسٹ سے ایک دن قبل خوب اچھی طرح آرام کریں۔ گاڑی سٹارٹ کرکے آگے بڑھانے سے قبل دروازے اچھی طرح سے چیک کرلیں کہ وہ بند ہیں یا نہیں۔ اپنی سیٹ کو اچھی طرح سے سیٹ کرلیں۔ گاڑی کے شیشوں کو بھی اپنے حساب سے سیٹ کیا جائے۔ حفاظتی بیلٹ باندھ لیں اور عقبی نشست پر موجود سواریوں کو حفاظتی بیلٹ باندھنے کی ہدایت کریں۔ جس راستےسے چل رہے ہوں وہاں کے لیے مقرر رفتار کی پابندی کریں۔ حد سے کم رفتار سے گاڑی چلانے سے دیگر ڈرائیوروں کو مشکل پیش آ سکتی ہے اور وہ خطرات سے بھی دوچار ہو سکتے ہیں۔ 
محکمہ ٹرانسپورٹ نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 کے دوران 36 فیصد امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس ملے جبکہ  2020 میں ان کی شرح بڑھ  کر41 فیصد تک ہوگئی جبکہ 2021 میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کی شرح 42 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: