کورونا وبا سے عالمی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا: سعودی وزیر تجارت
کورونا وبا سے عالمی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا: سعودی وزیر تجارت
منگل 5 جولائی 2022 20:11
رسد میں کمی اور طلب میں اضافے سے قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعوی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ’ کورونا وبا نے عالمی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ اب تک اس کے برے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر تجارت نے پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر کے اسباب کے حوالے سے بتایا کہ’ وبا سے نجات کے بعد اشیائے ضرورت کی رسد میں کمی اور طلب میں اضافے سے قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ اپریل2021 میں جہاز رانی معطل ہونے سے بھی اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں‘۔
سعودی وزیر تجارت نے سرکاری رابطہ مہم کے تحت پریس کانفرنس میں بتایا کہ’ یوکرین کے بحران نے اشیا کی عالمی ترسیل کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے‘۔
ماجد القصبی نے کہا کہ ’کورونا وبا اور یوکرین کے بحران نے دنیا کی بیشتر بندرگاہوں کو معطل کردیا ہے‘۔
’عالمی برآمدات اور پیداوار کی لاگت بڑھ گئی ہے جبکہ درآمدی اشیا کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کا نتیجہ اندرون ملک چیزوں کے نرخ بڑھنے کی صورت میں نظر آرہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی ہر ملک میں ایک جیسی نہیں۔ ہر جگہ دوسری جگہ سے مختلف ہے۔ کئی چیزیں سعودی عرب میں پڑوسی ملکوں سے سستی ہیں۔ روزانہ 217 اشیا کا ریکارڈ دیکھا جاتا ہے اور پھر قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جاتے ہیں‘۔
وزیر تجارت نے کہا کہ ’منڈیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ یہ بات مدنظر رہے کہ نگراں ہم سب ہیں۔ تاجر اور شہری جو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لے گا اس کا احتساب ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی قیادت نے کھانے پینے کی چیزوں اور اشیائے صرف پر مہنگائی کےعالمی اثرات کو محسوس کرکے مہنگائی سے نمٹنے کے لیے ضرورت مند خاندانوں کے لیے پیکیج جاری کیا ہے‘۔