Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں افراط زر الاؤنس کی تقسیم،  ستمبر سے فیملی الاؤنس ملے گا  

سماجی اعانت پروگرام کی تنظیم نو کی ہدایت جاری کی گئی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں سماجی بہبود کی وزارت نے منگل 5 جولائی سے افراط زر الاؤنس کی تقسیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ فیملی الاؤنس ستمبر سے تقسیم کیا جائے گا۔ فیملی الاؤنس میں بیوی اور بچے شامل ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق سماجی بہبود کی وزارت نے کہا ہے کہ’ افراط زر الاؤنس میں پٹرول، کھانے پینے کی اشیا، پانی اور بجلی کے الاؤنس شامل ہیں‘۔
سماجی بہبود کی وزارت نے افراط زر الاؤنسسز اور فیملی الاؤنس کے درمیان فرق کے حوالے سے بتایا کہ جو الاؤنس ستمبر میں اب سے دو ماہ بعد دیا جائے گا اس کا تعلق دراصل ان نئے اضافوں سے ہے جس کا تذکرہ نئے پروگرام کے تحت محدود آمدنی والوں کی اعانت کے نظام میں کیا گیا ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ’ ستمبر میں جو الاؤنس دیے جائیں گے ان کا تعلق محدود آمدنی والے اماراتی خاندانوں کے اعانتی پروگرام سے ہے‘۔
اس کے تحت فیملی کےسربراہ کا الاؤنس، بیوی کا الاؤنس، بچوں کا الاؤنس، رہائش کے لیے مختص اعانت، بے روزگاری الاؤنس اور 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگاروں کے الاؤنس سے ہے۔ 
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے محدود آمدنی والے شہریوں کے لیے سماجی اعانت پروگرام کی تنظیم نو کی ہدایت جاری کی ہے اس کے تحت یہ پروگرام 28 ارب درہم سے کیاجائے گا۔ سالانہ سماجی اعانت بجٹ 2.7 ارب درہم سے بڑھ کر 5 ارب درہم تک پہنچ جائے گا۔ 
اعانتی پروگرام میں چارعناصر کا اضافہ کیاگیا ہے ان میں رہائش، یونیورسٹی کی تعلیم، 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگار شہری اور روزگار کے متلاشی شہریوں کی اعانت شامل ہے۔ 

شیئر: