Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارشوں سے تباہی: بلوچستان میں تین دنوں میں 33 افراد ہلاک

ملک کے مختلف حصوں میں 14 جون سے ہونے والی سے مون سون بارشوں کے نتیجے میں 77 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے ہیں۔
بدھ کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے روزانہ کی صورتحال کی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان اعداد و شمار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مون سون کی بارشوں سے جبکہ سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ بلوچستان میں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں اس مرتبہ مون سون کی بارشیں معمول سے 87 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ کشمیر میں 49، بلوچستان میں 274 اور سندھ میں 261 فیصد زیادہ ہیں، دوسری جانب گلگت بلتستان کو غیر متوقع طور پر گرمی کی لہر کا سامنا ہے۔

بلوچستان میں تباہی

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلوں میں ڈوب کر مزید 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 33 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پری مون سون اور مون سون بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تاہم بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 45 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

حکام کے مطابق مون سون کی بارشوں سے سب سے زیادہ قلعہ سیف اللہ، ژوب، کوہلو، لورالائی، کوئٹہ، کچھی اور چمن کے اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حکام کے مطابق مون سون کی بارشوں سے سب سے زیادہ قلعہ سیف اللہ، ژوب، کوہلو، لورالائی، کوئٹہ، کچھی اور چمن کے اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور زیادہ تر ہلاکتیں بھی انہی علاقوں سے رپورٹ ہوئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چمن حسن ہوت کے مطابق چمن میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی ریلوں میں بہنے اور کچے مکانات منہدم ہونے سے  کلی حسن ٹھیکیدار، بوہری کہول، اڈہ کہول اور روغانی روڈ کے علاقوں میں دو بچوں سمیت تین افراد ہلاک جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
قلعہ سیف اللہ کے علاقے خسنوب جلال زئی اور شرن جوگیزئی میں سیلابی ریلے آبادی میں داخل ہونے کے بعد سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر قلعہ سیف اللہ لیاقت کاکڑ کے مطابق خسنوب جلال زئی میں ڈوبنے والے چار افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا ’سیلاب سے ساڑھے چار ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر نے نقل مکانی کر لی ہے جبکہ باقیوں کے لیے خیمہ بستی قائم کر دی ہے۔ سیلاب سے تیار فصلوں، زرعی مشنری، ٹیوب ویلز اور شمسی پینلز کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔‘
ژوب سے تقریباً اڑھائی سو کلومیٹر دور پاک افغان سرحد سے ملحقہ سب ڈویژن قمر الدین کاریز میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے آبادیوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ژوب محمد رمضان پھلال کے مطابق ڈیم ٹوٹنے سے بھی آبادی متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ژوب میں 103 سالہ شخص سمیت دو افراد سیلابی ریلے میں ڈوب کر ہلاک ہوئے ہیں جن کی لاشیں نکال کر ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک شخص اپنی گائے کو بچانے کے لیے ندی میں اترا تھا۔

قلعہ سیف اللہ کے علاقے خسنوب جلال زئی اور شرن جوگیزئی میں سیلابی ریلے آبادی میں داخل ہونے کے بعد سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’سب ڈویژن قمر الدین کاریز میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں اس لیے صوبائی حکومت کو اس علاقے کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے تحریری درخواست بھیج رہے ہیں۔‘
لورالائی میں مون سون کی بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ پٹھان کوٹ میں منگل کی رات کو پانچ افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر لورالائی عتیق شاہوانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ خاتون اور بچے سمیت تین افراد کی لاشیں پانی کا بہاؤ کم ہونے پر بدھ کی صبح ملیں۔‘
انہوں نے بتایا ’لورالائی میں شیر جان ڈیم میں شگاف پڑنے سے قریب کی پانچ ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو خطرہ ہے جنہیں علاقہ خالی کرا کر سرکاری سکولوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا گیا ہے جبکہ شگاف کو پر کرنے کی کوشش بھی جاری ہے۔‘
عتیق شاہوانی کے مطابق لورالائی میں ٹماٹر سمیت مختلف فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ (تربت) بشیر احمد بڑیچ کے مطابق کیچ کے علاقے مند میں ردیگ ندی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر تین بچے ہلاک ہو گئے جن کی عمریں آٹھ سے 10 سال کے درمیان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارشوں سے تربت اور پنجگور کی سرحد کے قریب ایک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے شاہراہ بھاری ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے۔

بارشوں سے تربت اور پنجگور کی سرحد کے قریب ایک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ (فوٹو: پی ڈی ایم اے)

نوشکی کے علاقے خیصار نالے میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ ہلاک ہوگیا جن کے ورثا نے لاش کے ہمراہ سڑک بند کر کے احتجاج کیا۔
ورثا کے مطابق نالے سے مقامی ٹھیکیدار نے سرکاری سکول کی عمارت کی تعمیر کے دوران بجری اور ریت نکالا تھا جس کی وجہ سے وہاں بڑے گڑھے بن گئے تھے۔ انہی گڑھوں میں پانی جمع ہونے سے بچہ ہلاک ہوا اس لیے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔

شیئر: