Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کی 30 سالہ ڈاکٹر سے دوسری شادی

گرپریت کور پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔ (تصویر: گرپریت کور چڈھا/ٹوئٹر)
انڈین ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان جمعرات کو دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق شادی کی یہ تقریب وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر چندی گڑھ میں منعقد ہوئی جس میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے بھی شرکت کی۔
یہ 48 سالہ بھگونت مان کی دوسری شادی ہے اور ان کی دوسری بیوی ڈاکٹر گرپریت کور پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔ ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
بھگونت مان نے 2015 میں اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔
جمعرات کی صبح 30 سالہ ڈاکٹر گرپریت کور نے پنجابی میں اپنی تصویر کے ساتھ پنجابی زبان میں ایک ٹویٹ کی جس کے معنی ہیں کہ ’شادی کا دن آپہنچا ہے۔‘

گرپریت کور کا تعلق ہریانہ سے ہے اور انہوں نے ایک نجی یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس تک تعلیم حاصل کررکھی ہے۔ ان کی دو بڑی بہنیں بھی ہیں جو انڈیا سے باہر رہتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ٹوئٹر پر پنجاب کے وزیراعلیٰ اور ان کی بیوی کو مبارکباد دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

صحافی گرپریت کور چڈھا نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہمارے پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو ان کی شادی مبارک ہو۔‘

بھگونت سنگھ کی شادی پنجاب اور سکھوں کے ریت و رواج کے تحت ہوئی ہے۔ تصاویر میں انہیں ہاتھوں میں ایک تلوار پکڑے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق بھگونت سنگھ اور گرپریت کور کی شادی میں مہمانوں کے لیے مختلف اقسام کے کھانے بنوائے گئے تھے جن میں اطالوی کھانے، پنیر کڑاہی، تندوری کلچے، دال مکھنی اور بریانی شامل ہیں۔
واضح رہے بھگونیت سنگھ سیاست میں آمد سے قبل ایک کامیڈین تھے اور وہ رواں سال عام آدمی پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن جیت کر پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔

شیئر: