سنیچر کی شام وفاقی وزیر ایاز صادق کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجے گئے استعفے میں انہوں نے لکھا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر وزارت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
ادھر پنجاب کے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نام اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات اور مصروفیات کے باعث وزارت چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مسلم لیگ ن متحد ہے اور بے جا افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔ ’میں اور ایاز صادق صاحب الیکشن مہم میں حصہ لینے کی وجہ سے وزارتوں سے مستعفی ہوئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مسلم لیگ ن کا شیوہ نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں سیسہ پلاٸی دیوار کی مانند متحد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق اور سلمان رفیق نے ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کے لیے اپنی وزارتوں سے استعفے دیے۔ ’انشااللّٰہ جلد واپس آ کر اپنی وزارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔‘
سعد رفیق نے ٹویٹ کیا کہ عمران اوران کے وزرا نے ہمیشہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن رواں ماہ کی 17 تاریخ کو ہونا ہیں۔
یہ نشستیں تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی سیٹ کیے جانے کے بعد خالی ہوئی ہیں۔