Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے دن کی رمی کا مرحلہ مکمل، حجاج کی صحت بہترہے، مشترکہ پریس کانفرنس

تمام معاملات مقررہ منصوبے کے مطابق انجام دیئے گئے۔ (فوٹو عاجل)
وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب کا کہنا ہے کہ حجاج کی عرفات سے مزدلفہ اور وہاں سے منی منتقلی کے تمام مراحل بخیر وخوبی مکمل ہوئے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 
تمام معاملات مقررہ منصوبے کے مطابق انجام دیئے گئے۔ حجاج نے پہلے دن کی رمی کرنے کے بعد طواف افاضہ کیا اور دوبارہ منی پہنچ گئے۔ 

مزدلفہ سے منی منتقلی مقررہ وقت میں انجام دی گئی۔ (فوٹو سبق)

عاجل نیوز کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ  مکہ مکرمہ  میں مشترکہ حج پریس کانفرنس سے خطاب کررہے جس سے وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبدالعالی اور وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ھشام سعید نے بھی خطاب کیا۔ 
کرنل شلھوب کا مزید کہنا تھا کہ جمرات پرحجاج کی آمد اور وہاں سے روانگی مقررہ پروگرام کے مطابق ہوئی۔ سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی پر مکمل طور پرعمل کیا ۔  
کل اور پرسوں بھی رمی کے لیے مقررہ منصوبے پرعمل کیاجائے گا تاکہ حجاج کرام مکمل اطمینان اور سکون سے دوسرے اور تیسرے دن کی رمی بھی کریں۔ 

مکہ مکرمہ جانے کے لیے راستے مخصوص  ہیں۔ (فوٹو عاجل)

ترجمان وزارت داخلہ نے حجاج کی جانب سے مکمل تعاون کیے جانے پر ان کا شکرہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمی اور طواف افاضہ کے لیے مقررہ پروگرام اور مخصوص ٹریکس کا انتخاب کرنے کا مقصد حجاج بیت اللہ کو ہر طرح سے سہولت فراہم کرنا ہے۔ 
حجاج کے جمرات اور وہاں سے طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ جانے کے لیے راستے مخصوص کرنے کا مقصد ازدحام پر قابو پانا اور بہتر خدمات کی فراہمی ہے۔ 
 دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر حجاج کی صحت بہتر ہے کسی قسم کا وبائی مرض سامنے نہیں آیا۔ 
ترجمان صحت نے حجاج کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال لازمی کریں اورزیادہ سے زیادہ پانی یا مشروبات کا استعمال کریں۔ علاوہ ازیں غیر ضروری جسمانی مشقت سے بھی اجتناب برتیں۔ ازدحام والے مقامات پر ماسک کا استعمال کریں۔ 
ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ اب تک 78 ہزار سے زائد حجاج کوطبی سہولتیں فراہم کی جاچکی ہیں جن میں 155 حجاج کی اینجوپلاسٹی کی گئی جبکہ 345 کو ڈائیلاسیس کی سہولت فراہم کی گئی۔ علاوہ ازیں 230 مختلف نوعیت کے آپریشنز کیے گئے۔ 2 ہزار سے زائد حجاج نے آن لائن طبی خدمات سے استفادہ کیا۔ 

کسی قسم کا وبائی مرض سامنے نہیں آیا۔ (فوٹو الاخباریہ)

وزارت حج وعمرہ کے ترجمان ھشام سعید نے کہا حجاج کو میدان عرفات سے مزدلفہ منتقل کرنے کی کارروائی 4 گھنٹے کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی اس دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 
حجاج کو رمی کے لیے جمرات اور وہاں سے طواف افاضہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ لے جانے کے  لیے بسوں کے 5 ٹریکس مخصوص کیے گئے ہیں جن پرآئندہ 2 دنوں میں بھی عمل کیاجائے گا۔ 
ترجمان حج وعمرہ نے مزید کہا کہ داخلی حجاج کو طواف وداع کے لیے 12 اور 13 ذوالحجہ کے دوران پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جبکہ بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کےلیے 14 ذوالحجہ سے طواف وداع کا شیڈول مرتب کیا گیا ہے تاکہ مسجد الحرام میں ازدحام کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: