پاکستان انٹرنیشنل اسکول طائف کے سالانہ امتحانات کے نتائج
جمعرات 20 اپریل 2017 3:00
پاکستان انٹر نیشنل اسکول الطائف نے جماعت اوّل تا ہشتم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں اسکول کے آڈیٹوریم میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز اللہ کے بابرکت نام سے کیا گیا ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت جماعت ہفتم کے قاری سعد نے حاصل کی ۔مقررہ وقت پر تمام طلباء والدین کے ہمراہ اسکول آڈیٹوریم میں اپنی نشستوں پر نتائج کے اعلان کے منتظر تھے۔ ناظم امتحانات چوہدری عارف رسول نے امتحان پالیسی پر روشنی ڈالی اور والدین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لئے جماعت اوّل تا سوم کم سے کم 95فیصد،جماعت چہارم تا ششم 90 فیصد اور جماعت ہفتم میں 85 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہے ۔اس سال جماعت اوّل تا ہشتم سالانہ امتحان میں 758طلباء اور 615 طالبات نے شرکت کی ۔ بوائز سیکشن کا مجموعی نتیجہ 98.1 فیصد رہا اور گرلز سیکشن کا 96.4 فیصد ۔ 2017 کا سالانہ رزلٹ اسکول کی تاریخ کا بہترین ریکارڈ ہے ا س کے بعد پرنسپل قیصر خان اور ناظم امتحانات نے طلباءکو امتیازی اسناد اور امتیازی کلاہ اور خلعت سے نوازا ۔ طلباء اور والدین نے اس موقع پر خوشی اور اطمینا ن کا اظہار کیا ۔ پرنسپل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امتحان اور نتائج کو شفاف بنانے کیلئے خصوصی پالیسی مقرر ہے۔ طلباءاور طالبات کے جوابی پرچوں سے ان کے کوائف ہٹا کر کوڈ نمبر دیا جاتا ہے ۔ بوائز کے پرچے گرلز سیکشن میں اور گرلز کے پرچے بوائز سیکشن میں چیک ہونے کے بعد انھیں ری چیکنگ کے عمل سے گزارنے کے بعد ڈی کوڈ کیا جاتا ہے ۔ پرنسپل نے والدین کا شکریہ اد اکرتے ہوئے ان کی معاونت اور مشاورت کو ادارے کی بہتری کے لیے سرمایہ قرار دیا ۔ کامیاب طلبہ ، طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی ۔ اساتذہ کی انتھک محنت اور انہماک کی تعریف کی اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہاکہ جو طلباءاور طالبات مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے وہ دل لگا کر ہمت سے کام لیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ الحمد للہ اسکول میں اٹھارہ ممالک کے طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں۔ انھوں نے سفیر پاکستان ، قونصلر جنرل ،اور لنک آفیسر کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی اور تعاون سے ادار ہ ترقی کر رہا ہے ۔