Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمی کے نئے ریکارڈ کا امکان، برطانیہ میں ہیٹ ویو کا انتباہ جاری

شدید گرمی کی وارننگ کو ’امبر‘ یا گہرے زرد رنگ کے طور پر درجہ بندی میں رکھا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ میں رواں ہفتے شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ یو کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے دوران انگلینڈ اور ویلز کے بڑے حصوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی ہے۔
پیر کو موسم کی پیشن گوئی کرنے محکمے کا کہنا تھا کہ جنوبی اور وسطیٰ انگلینڈ اور ویلز میں رواں ہفتے کے بیشتر حصے میں شدید موسم گرم رہے گا جبکہ منگل کو جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جانے کا امکان ہے۔
تاہم انگلینڈ کا موسم سپین اور پرتگال کے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو سے پھر بھی کئی ڈگری کم ہوگا جہاں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جاتا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ ربیکا شیرون نے بتایا کہ برطانیہ سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ اتوار اور پیر تک جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 35 ڈگری  سے زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے مکمل یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دوسری جگہوں پر، انگلینڈ اور ویلز میں درجہ حرارت کافی حد تک 32 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو سکتا ہے، اور مزید شمال میں اوسطا سے زیادہ 20 سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔‘
25 جولائی 2019 کو مشرقی انگلینڈ کے کیمبرج بوٹینک گارڈن میں برطانیہ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
شیرون نے کہا کہ ماہرین موسمیات اس ریکارڈ کے ٹوٹنے کو خارج از امکان نہیں سمجھتے تاہم فی الوقت یہ صرف ایک امکان ہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے زیادہ امکان یہ ہے کہ درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہی رہے گا۔
شدید گرمی کی وارننگ کو ’امبر‘ یا گہرے زرد رنگ کے طور پر درجہ بندی میں رکھا گیا ہے جو حد درجہ تین میں سے دوسرے نمبر پر ہے۔

ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ برطانیہ سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اس شدت کی گرمی روزمرہ کی زندگی اور لوگوں کی صحت پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
میٹ آفس نیشنل کلائمیٹ انفارمیشن سنٹر کے سربراہ مارک میکارتھی نے بتایا کہ یورپ بھر میں ’موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید حدت میں اضافہ‘ برطانیہ میں گرم موسم کے نئے ریکارڈ کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔

شیئر: