بھکر کے علاقے دریا خان میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود ان کی جماعت جیتے گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن سے قبل ان کے حامیوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہے اور فون پر کہا جاتا ہے کہ جیلوں میں ڈال دیں گے۔
منگل کو پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے دریا خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کو دھمکایا جا رہا ہے۔ ’اب ڈرایا جا رہا ہے۔ دھمکیاں دی جا رہی ہیں، فون آتا ہے کہ اٹھا لیں گے، جیلوں میں ڈال دیں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ایک مسٹر ایکس کو حکم ملا ہوا ہے کہ انہوں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ہر صورت ’چوروں‘ کو جتوانا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ایک مسٹر ایکس بھی ہے، جس کو حکم ملا ہوا ہے کہ کسی طرح ان چوروں کو جتوانا ہے۔‘
انہوں نے اُس مسٹر ایکس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے مسٹر وائے کو ملتان بھجوا دیا ہے دھاندلی کے لیے، لیکن اس کے باوجود میری قوم ’پھینٹا‘ لگائے گی۔ دھاندلی کے باوجود الیکشن جیتے گی۔‘
عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران اپنی جماعت کے سابقہ اراکین جنہوں نے بعد ازاں وفاداری تبدیل کر کے مسلم لیگ ن کی حمایت کی تھی کو ایک مرتبہ پھر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہوں نے اس لیے وفاداریاں تبدیل کیں کیونکہ ان کا کوئی نظریہ نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوٹا وہ ہوتا ہے جس کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا، کوئی نظریہ نہیں ہوتا۔ اور اس کا جدھر منہ آتا ہے وہ چلا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی کا خیال ہے کہ انگریزوں اور ہندووں کی غلامی سے نکل کر امریکہ کی غلامی کریں گے، وہ غلط فہمی میں نہ رہے۔‘
عمران خان نے کراچی میں سیلاب کی موجودہ صورتحال کا زمہ دار پیپلز پارٹی کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ’14 سال سے زرداری اور اس کا ٹولہ سندھ میں بیٹھا ہوا ہے، جو پیسہ کراچی میں خرچ ہونا تھا، وہ باہر بھیج دیا گیا ہے۔ آج دیکھیں کراچی کا کیا حال ہے۔‘
انہوں نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز پر بھی شدید تنقید کی۔
اس موقع پر عمران خان نے مریم نواز اور ان کے بھائی حسین نواز کی آوازوں پر مشتمل ریکارڈنگز بھی چلوائیں جس میں وہ لندن میں جائیدادوں کے بارے میں بات کر رہے تھے، اور جلسے کےشرکا سے کہا کہ ’سنیں، یہ سنیں، آپ کو مزہ آئے گا۔‘