’لاہور میں مسٹر ایکس کے باوجود پنجاب کا ضمنی الیکشن جیتیں گے‘
عمران خان نے کہا کہ سترہ جولائی کو ضمنی الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی حکومت میں چوروں کو سزا دینے کی پوری کوشش کی مگر جن کے پاس طاقت تھی وہ چوری کو برا نہیں سمجھتے تھے۔
پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران پیر کو لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش کے تباہی کے ذمہ دار آصف علی زرداری ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ زرداری اور ٹولے نے کبھی نہیں سوچا کہ کراچی میں بارشوں کے بعد پانی نکالنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔
’جب تک یہ ڈاکو وہاں بیٹھا ہوا ہے کراچی اور سندھ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ زرداری اور مراد علی شاہ کے سارے کیس تیار تھے مگر کون سی طاقت تھی جو اس کو سزا دلوانے سے روکنا چاہتی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو بھی طاقت تھی پھر کبھی بتاؤں گا۔ مگر جن کے پاس طاقت تھی وہ چوری کو برا نہیں سمجھتے تھے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہے جو الیکشن میں ان کے ساتھ منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ’ہم نے اس کے باوجود ان کو پھینٹا لگانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ آپ کے مستقبل کی جنگ ہے اس لیے پولنگ سٹیشن پر پہرہ دینا ہے۔ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے الیکشن نہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ان کا ارسطو احسن اقبال کہتا ہے کہ کرپشن ہوتی ہے مگر ملک ترقی کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اللہ نے نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ سترہ جولائی کو ضمنی الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے۔ امریکہ نے سازش کر کے یہاں کے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر یہ چور ہم پر مسلط کیے۔‘
انہوں نے حکومت میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں سے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ان کو پاکستانی ملے گا وہ ان کو دو لفظ چور اور غدار پکارے گا۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی مہنگائی کی اور ہر شے کی قیمت اوپر چلی گئی۔