سعودی عرب نے تمام ہوائی جہازوں کے لیے فضائی حدود کھول دیں
امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کے فوراً بعد اس کا خیرمقدم کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ جب تک اضافی پروازوں کی ضرورت ہے، تمام مسافر جہاز سعودی فضائی حدود استعمال کر سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے جمعے کو یہ اعلان کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’تمام ہوائی جہاز جو اوور فلائنگ سے متعلق اتھارٹی کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں‘، انہیں سعودی فضائی حدود میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔
تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ حکم کب نافذ ہو گا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کے فوراً بعد اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ فیصلہ مملکت کی’1944 کے شکاگو کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی خواہش کے نتیجے میں کیا گیا ہے ، جس میں بین الاقوامی فضائی نیوی گیشن میں استعمال ہونے والے سول ہوائی جہازوں کے درمیان غیر امتیازی سلوک کی شرط رکھی گئی ہے۔‘
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اصول کی یہ تبدیلی ’تینوں براعظموں کو جوڑنے والے عالمی مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کو بڑھانے کی کوششوں کی تکمیل کے لیے ہے۔‘
واضح رہے کہ جون 2021 میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک حکمت عملی کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد مملکت کو ایک عالمی لاجسٹک مرکز کی حیثیت دینا تھا۔
یہ ایک جامع پروگرام ہے جس کا نام نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس سٹریٹجی ہے۔ اس کے اہداف میں ایئر کارگو سیکٹر کی صلاحیتوں کو دوگنا کرکے45 لاکھ ٹن سے زیادہ کرنا شامل ہے۔