السعودیہ کی جولائی اور اگست کے لیے 30 ہزار پروازیں
ایئر لائن نے 65 لاکھ نشستوں کا آپریشنل پلان تیارکیا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے اس سال موسم گرما میں سفر کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جولائی اور اگست کے دوران 30 ہزار پروازوں اور 65 لاکھ نشستوں کا آپریشنل پلان تیارکیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق السعودیہ نے 30 جون 2022 سے ہر ہفتے 2021 کے موسم گرما کے مقابلے میں 30 فیصد نشستیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر ہفتے 3500 پروازیں ہوں گی اور ہر ہفتے 7 لاکھ 65 ہزار 600 افراد سفر کرسکیں گے۔
السعودیہ تمام ملکی ہوائی اڈوں اور چار براعظموں کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ موسم گرما اور موسم حج دونوں ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ اس دوران مسافروں کی سہولت اوران کی سلامتی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مینٹیننس، کیٹرنگ، زمینی خدمات اور پروازوں کے سلسلے میں وقت کی پابندی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔