Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آبائی گھر جا رہی ہوں، کوئی ڈر نہیں‘ 90 سالہ انڈین خاتون واہگہ سے راولپنڈی روانہ

رینا ورما کی خواہش 75 سال بعد پوری ہو رہی ہے اور راولپنڈی میں اپنا گھر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں (فوٹو: شیراز حسن)
انڈیا کی 90 سالہ خاتون کا پاکستان میں اپنا آبائی گھر دیکھنے کا خواب 75 سال بعد پورا ہونے جا رہا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رینا چِھبر ورما ویزہ ملنے کے بعد سنیچر کو بذریعہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچیں جہاں سے وہ ڈبڈباتی آنکھوں کے ساتھ راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔
1947 میں تقسیم سے کچھ عرصہ قبل ان کا خاندان انڈیا ہجرت کر گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق رینا ورما نے اپنے آبائی گھر پریم نوازس کے علاوہ اپنے سکول جانے اور بچپن کی دوستوں سے ملاقات کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
رینا ورما نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خاندان دیوی کالج روڈ پر رہائش پذیر تھا جبکہ اب وہ پونا میں رہتی ہیں۔
1947 میں تقسیم کے وقت ان کی عمر 15 سال تھی اور وہ اپنے گھروالوں کے ساتھ انڈیا چلی گئی تھیں۔
انہوں نے ویڈیو میں بیتے دن یاد کرتے ہوئے کہا ’میں ماڈرن سکول میں پڑھتی تھی۔ میرے چار بہن بھائی بھی میرے ساتھ اسی سکول میں تھے جبکہ میرا ایک بھائی اور بہن گورڈن کالج میں پڑھتے تھے جو ہمارے سکول کے قریب ہی واقع تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’میرے بڑے بہن بھائیوں کے دوست مسلمان تھے جو ہمارے گھر آیا کرتے تھے کیونکہ میرے والد ترقی پسند خیالات کے مالک تھے اور وہ لڑکے لڑکیوں کے آپس میں ملنے کے خلاف نہیں تھے۔‘
رینا کے مطابق ’تقسیم کے قبل مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان کوئی مسائل نہیں تھے، یہ تقسیم کے بعد پیدا ہوئے تھے۔‘

رینا ورما کا خاندان تقسیم سے کچھ عرصہ قبل انڈیا ہجرت کر گیا تھا، اس وقت ان کی عمر 15 سال تھی (فوٹو: دا بیٹر انڈیا)

رینا ورما نے 1965 میں پاکستان کے ویزے کے لیے درخواست دی تھی مگر ناکام رہی تھیں کیونکہ ان دنوں جنگ کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سخت کشیدگی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے سال سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنے آبائی گھر جانا چاہتی ہیں۔
سجاد حیدر نامی پاکستانی شخص نے سوشل میڈیا پر ہی ان سے رابطہ کیا اور راولپنڈی میں ان کے آبائی گھر کی تصاویر بھجوائیں۔
جن کو دیکھ کر رینا کی خواہش مزید شدت سے جاگ گئی اور انہوں نے ویزے کے درخواست دی تھی تاہم وہ مسترد ہو گئی۔
اس دوران یہ معاملہ پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے نوٹس میں آیا اور ویزے کے حصول میں ان کی مدد کی۔ 
انڈیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر رینا ورما کو تین ماہ کا ویزہ جاری کیا۔
جس پر رینا ورما سرشار ہیں اور کہتی ہیں ’اگرچہ انڈیا کی تقسیم غلط قدم تھا، مگر اب یہ ہو چکا ہے، دونوں ممالک کو مل کر ہم سب کے لیے ویزے کے حصول کے عمل کو آسان بنانا چاہیے۔‘
ویزہ لگنے کے بعد انہوں نے ان کا کہنا تھا ’راولپنڈی ہمیشہ زندہ رہا ہے اور مجھے کوئی ڈر نہیں کیونکہ میں اپنے گھر واپس جا رہی ہوں۔‘

شیئر: