ڈالر 226 تک پہنچ گیا،’روپے کی قدر گرنے کی بڑی وجہ سیاسی ہلچل‘
ڈالر 226 تک پہنچ گیا،’روپے کی قدر گرنے کی بڑی وجہ سیاسی ہلچل‘
بدھ 20 جولائی 2022 11:58
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ گورنر سٹیٹ بینک کے تقرر کا روپے کی قدر گرنے سے تعلق نہیں۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر کی اڑان پوری دنیا کی کرنسی کے مقابلے میں ہے صرف روپے کی قدر ہی نہیں گر رہی، تاہم پاکستان میں اس کی بڑی وجہ سیاسی ہلچل ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ بہت سے ڈیلروں نے تیل ذخیرہ کر رکھا تھا جس کا انہیں فائدہ ہوا مگر اب ملک میں 60 دن کا ڈیزل کا ریزرو ہے جس کے باعث اگلے ماہ ڈیزل کی امپورٹ کم ہو گی جبکہ ایندھن کی درآمد بھی کم ہو گی۔
’ایندھن کی امپورٹ کم ہو گئی ہے اور معیشت کا حال اچھا چل رہا ہے، اب ملک میں 60 دن کے ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیٹ بینک کے نئے گورنر کے تعیناتی کی جلد منظوری دے گی۔ ’سٹیٹ بینک کے گورنر کے تقرر اور روپے کی قدر گرنے کی موجودہ صورتحال کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔‘
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 700 ملین ڈالر کا ایندھن درآمد کیا گیا۔ خوشی ہوئی کہ حکومت کے معاشی اقدامات کا فائدہ ہوا۔ ’اپریل اور جون میں کوشش کی کہ امپورٹ کم کریں۔ گزشتہ تین ماہ میں امپورٹ کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔‘
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا ہے اور بورڈ سے اب ایک رسمی کارروائی باقی ہے۔ ورلڈ بینک کے ساتھ دو بڑے پراجیکٹس ہیں جن کے لیے 600 ملین ڈالر ملیں گے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے بھی 600 ملین ڈالر ملنا ہیں۔
ڈالر کی قدر میں اضافہ جاری
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد روپے کی قدر میں تیزی سے کمی آئی ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 52 پیسہ مہنگا ہو کر 226 روپےکا ہو گیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور معاشی بحران ہر گزرتے روز کے ساتھ مزید خرابی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ’آج کا دن پاکستانی معیشت کے لیے بدترین دن ہے۔ ڈالر اس وقت 226 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ اب یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی رضامندی شامل ہے۔ ہمارے سیاست دان باہر کے ممالک کی ایما پر چلتے ہیں، ان کو ملک اور عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ‘
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکس چیج میں بھی مندی کا رجحان برقرار ہے۔ مارکیٹ 87 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 40 ہزار 301 پر ٹریڈ کر رہی ہے۔