Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آصف زرداری ایم پی ایز کو خرید رہے ہیں، انہیں جیل میں ڈالنا چاہیے‘

عمران خان کے مطابق ہارس ٹریڈنگ کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور میں آج ’سندھ ہاؤس ہارس ٹرینڈنگ‘ کو دہرایا جا رہا ہے اور ممبران اسمبلی کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ تک کی پیشکش کی جاری ہے۔
بدھ کو ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’اس ہارس ٹریڈنگ کے پیچھے مرکزی کردار پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا ہے جن کو کرپشن پر این آر او دیا گیا اور وہ لوٹی ہوئی دولت سے ایم پی ایز کو خرید رہے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا آصف علی زرداری کو جیل بھیج دینا چاہیے۔​
عمران خان نے کہا کہ یہ نہ صرف ہماری جمہوریت پر حملہ ہے بلکہ ہمارے معاشرے کی اخلاقی اقدار پر بھی حملہ ہے۔
’اگر سپریم کورٹ ایکشن لیتا اور ان لوٹوں کو تاحیات نااہل کرتی تو یہ ایک ان کو اس عمل سے باز رکھتا۔ کیا امریکہ کی رجیم چینج سازش کے ہینڈلرز کو احساس ہے کہ قوم کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔‘
عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ صوبہ سندھ سے چوری کیے گئے پیسے کے ذریعے حکومت گرائی گئی اور این آر او ٹو ممکن ہوا، جس کے بعد آصف زرداری شریف مافیا کے ساتھ مل کر پنجاب کی عوام کا مینڈیٹ چوری اور ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا انہیں ان تمام نقصانات کا علم نہیں ہے؟
عمران خان نے مزید کہا کہ کیا اس پر سپریم کو از خود نوٹس نہیں لینا چاہیے؟ نیوٹرل کو یہ احساس نہیں ہو رہا کہ امپورٹڈ حکومت ملک کو مکمل طور پر تباہ کر رہی ہے؟ 
اس سے قبل بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کو چالیس چالیس کروڑ روپے دے کر خریدا جا رہا ہے۔
آصف زرداری نے سندھ حکومت کے پیسے سے ایم پی ایز کو خریدا، فواد چوہدری
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ تمام رقم آصف زرداری کی جانب سے خرچ ہو رہی ہے جو دراصل سندھ حکومت کا پیسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے بیان کے بعد ایم پی ایز کو خریدنے کا ریٹ مزید بڑھ گیا ہے، چالیس کروڑ تک بولی لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے تمام معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے رحیم یار خان سے ایم پی اے مسعود مجید مبینہ طور پر چالیس کروڑ روپے لے کر ترکی پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے جمعرات کو سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کروائی جائے گی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی وسائل کا استعمال کرنے پر وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو فوراً گرفتار کیا جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تین ممبران اسمبلی غضنفر علی چیمہ، سردار شہاب الدین اور بکھر سےعامر سپریم کورٹ میں حلف نامے جمع کروائیں گے جن میں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کس طرح سے عطا تارڑ نے انہیں خریدنے کے لیے 30, 35 کروڑ کی آفر کی۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں دو سیٹوں پر دوبارہ گنتی کے بعد پی ٹی آئی کی حاصل کردہ سیٹیں 15 سے 17 ہو جائیں گی جبکہ پنجاب اسمبلی میں بھی اراکین کی تعداد بڑھ کر 190 ہو جائے گی۔
ایم پی اے مسعود مجید کو کوئی پیسے نہیں دے، عطا تارڑ کی تردید
صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے مسعود مجید کو پیسے نہیں دیے بلکہ انہوں نے اپنی پارٹی سے ناراض ہو کر 3 اپریل کو استعفیٰ جمع کروا دیا تھا۔
پریس کارنفرنس سے خطاب میں عطا تارڑ نے کہا کہ مسعود مجید ایک با عزت اور باوقار شخص ہیں جو اپنا استعفیٰ جمع کروا چکے ہیں لیکن فواد چوہدری کو اس بات کا علم ہی نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وہ قرآن پر حلف دینے کے لیے تیار ہیں کہ مسعود مجید کو کوئی پیسے نہیں دیے گئے۔

شیئر: