ایشیا کپ 2022 متحدہ عرب امارات منتقل: ’اب بابر اور رضوان کو کون روکے گا؟‘
ایشیا کپ 2022 متحدہ عرب امارات منتقل: ’اب بابر اور رضوان کو کون روکے گا؟‘
جمعہ 22 جولائی 2022 18:15
دوسری ٹیموں کی نسبت پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کا تجربہ زیادہ ہے (فائل فوٹو اے ایف پی)
رواں سال میں شیڈول ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے میڈیا کو ایشیا کپ کی سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقلی کے بارے میں آگاہ کیا۔
سارو گنگولی نے کہا کہ 'ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں ہوگا، یہ ہی وہ جگہ ہے جہاں بارشیں نہیں ہوتی ہیں۔‘
اس سے پہلے بدھ کے روز سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ کیا تھا کہ'سری لنکن کرکٹ بورڈ ملک میں جاری سیاسی اور معاشی کشیدگی کے باعث ایشیا کپ سری لنکا میں کروانے سے قاصر ہے۔‘
ایشیا کپ 27 اگست سے شروع ہوگا تاہم ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول آنا ابھی باقی ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستان، سری لنکا، انڈیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
ایشیا کپ کی سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقلی کے بعد پاکستان ٹیم کے مداحوں میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ایسے شخص کو دیکھ رہے ہیں جو ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا ہوگا۔‘
2021 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی عمدہ کارکردگی کا حوالہ دینے والے ایشیا کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں سے زیادہ امیدیں وابستہ کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی کی ٹی 20 کی رینکنگ پر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ محمد رضوان دوسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب دوسری ٹیموں کی نسبت پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کا تجربہ زیادہ ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات پاکستان کرکٹ ٹیم کا دوسرا ہوم گراؤنڈ رہا ہے۔
انڈیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کے باعث پہلی بار ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ میں انڈیا کو شکست دی تھی۔
یہ 2021 کے بعد پہلی بار موقع ہوگا کہ پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آپس میں مد ِمقابل ہوں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ میں ممکنہ طور پر دو میچ کھیلے جائیں گے، تاہم اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے میچز کی مجموعی تعداد تین ہوجائے گی۔
اسی طرح رواں سال میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی دونوں روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔
اس سے پہلے تین بار ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں ہوچکا ہے اور حیرت انگیز طور پر تینوں بار یہ ٹورنامنٹ انڈیا نے جیتا ہے۔
پاکستان ابھی تک صرف دو مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے جبکہ دفاعی چیمپئین انڈیا سات بار، اور سری لنکا پانچ بار ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔