حمزہ شہباز کی 41 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
اتوار 24 جولائی 2022 20:07
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی 41 رکنی کابینہ نے اتوار کو حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں رانا اقبال، مہر اعجاز آچلانہ، ملک ندیم کامران، بلال یاسین، یاور زمان، منشا اللہ بٹ، حیدر علی گیلانی، رانا مشہود، خواجہ عمران نذیر، حسن مرتضیٰ، بلال اصغر وڑائچ، اسد کھوکھر،احمد علی اولکھ، صبا صادق، رانا لیاقت علی اور سیف الملوک کھوکھر شامل ہیں۔
’کابینہ کی حلف برداری سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی‘
دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے صوبائی کابینہ کی حلف برداری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جہازی سائز کی کابینہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔‘
چودھری پرویزالٰہی نے الزام لگایا کہ ٹرسٹی وزیراعلیٰ نے اقتدار بچانے کے لیے پنجاب حکومت کے خزانے کا منہ کھول دیا ہے۔
’ہر تین میں سے ایک شخص کو وزیر بنا دیا گیا ہے۔ آج کابینہ کا حلف کسی مذاق سے کم نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدامات کے مرتکب ہونے والے ان حکمرانوں پر توہین عدالت بھی لگنی چاہئے۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں ڈیڑھ ماہ کے دوران دوسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے۔
تاہم ان کے مخالف امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
پرویز الہی کی درخواست پر سنیچر ک سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پیر تک ٹرسٹی وزیراعلیٰ رہنے کا حکم نامہ جاری کیا۔