Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولٹری میں خود کفالت کے لیے17 ارب ریال کی سرمایہ کاری

اس کا مقصد مقامی غذائی پیداوار میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب پولٹری کی پیداوار بڑھانے کے لیے 17 ارب ریال(5 بلین ڈالر)کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے جس کا مقصد 2025 تک پولٹری مصنوعات میں خودکفالت کی شرح 80 فیصد تک بڑھانا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر ماحولیات، پانی وزراعت عبدالرحمان الفضلی نے بتایا ہے کہ ہماری وزارت ہر سال 1.3 ملین ٹن برائلر چکن کے ہدف کے حصول کو یقینی بنائے گی۔

زرعی ترقیاتی فنڈ کی فراہم کی جانے والی اعانت 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

پولٹری مصنوعات میں خود کفالت کا مقصد قومی غذائی تحفظ ، مقامی غذائی پیداوار میں اضافہ اور سعودیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
مملکت میں استعمال ہونے والے مرغی کے گوشت و پولٹری مصنوعات میں 2016 میں 45 فیصد اور 2022 میں 68 فیصد تک خود کفالت میں اضافے کے بعد یہ اقدام کیا گیا ہے۔
وزیر زراعت الفضلی نے بتایا ہے کہ پولٹری پروڈکشن انڈسٹری کو وسعت دینے اور اعلیٰ ترین جدید ٹیکنالوجیز استعمال کرنے کی کوشش کرنے والی کمپنیوں کے لیے زرعی ترقیاتی فنڈ کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی اعانت 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

پولٹری مصنوعات میں خودکفالت کی شرح 80 فیصد تک بڑھائی جائے گی۔ فوٹو العربیہ

وزارت زراعت میں اسی سے متعلق ایک اور پیش رفت میں جانوروں کے وسائل کی خدمات کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم قاسم نے سی این بی سی عربیہ نیوز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں مویشی پالنے کے منصوبوں کا حجم بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ مویشیوں کی قیمتوں میں اضافہ عالمی عوامل کے سبب جانوروں کی خوراک کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ  وزارت میں اینیمل ریسورسز سروسز نے جانوروں کی بیماریوں کی تحقیقات اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدام کیا ہے جس  کے باعث نقصانات کے اندیشے کو تقریبا 25 فیصد کم کیا گیا ہے۔
 

شیئر: