Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غذائی اجناس کی قلت کا سامنا نہیں‘

وزیر زراعت نے مختلف زرعی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ہے( فوٹو سبق)
سعودی وزیرزراعت وپانی انجینئرعبدالرحمان الفضلی کے مطابق موجودہ حالات میں کسی قسم کی غذائی اجناس کی قلت کا سامنا نہیں۔
انہوں نے  یقین دلایا  کہ وزارت کے تمام شعبوں کے اہلکار اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہیں۔
وزیر زراعت نے ریاض میں جاری مختلف زرعی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد  ویب نیوز ’سبق‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’وزارت زراعت و پانی کے اہلکار مملکت کے زرعی سیکٹر کو پانی کی مسلسل فراہمی جاری رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہے ہیں تاکہ کہیں پانی کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا نہ ہو‘۔

تمام ریجنز میں وافرمقدار میں پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔( فوٹو سبق)

انجینئرعبدالرحمان الفضلی نے مزید کہا ’سعودی عرب میں فلور ملز میں بھی وافر مقدار میں گندم کا ذخیرہ موجود ہے جس کی یومیہ پیداواری صلاحیت 2 لاکھ 70 ہزار بوری ہے۔ فی بوری کی گنجائش 45 کلوگرام ہوتی ہے۔مملکت کے 15شہروں میں فلور ملزقائم ہیں جو مطلوبہ طلب کو بخوبی پورا کرنے کی مکمل صلاحیت کی حامل ہیں‘۔
مملکت کی تمام فلور ملزمیں آٹے کی یومیہ پیداواری صلاحیت 15.5 ٹن ہے جبکہ گندم ذخیرہ کرنے کی گنجائش 3.3ملین ٹن ہے۔
اجناس کی مارکیٹ میں فراوانی کے حوالے سے وزیر پانی وزراعت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ ’مملکت میں سبزیوں کی ماہانہ پیداوار1لاکھ 80 ہزار ٹن ہے جو مقامی مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہے۔ کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں کرنا ہوگا‘۔

مملکت کی تمام فلور ملزمیں یومیہ پیداواری صلاحیت 15.5 ٹن ہے( فوٹو سبق)

پولٹری اور ڈیری مصنوعات کے حوالےسے وزیر زراعت کا کہنا تھا ’مملکت میں انڈوں کی یومیہ پیداوار 15ملین ہے۔ مرغیوں کی یومیہ کھپت 3.5 ملین ہے۔
علاوہ ازیں 7.5 ملین لیٹر دودھ اور 437 ٹن بحری مصنوعات کی یومیہ مارکیٹ طلب کو پورا کیاجاتا ہے‘۔
وزیر پانی وزراعت کا کہنا تھا کہ مملکت میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے اجناس میں کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں ہو گا۔ وزارت کی ٹیمیں جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔
 

شیئر: