’خواتین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے‘ پر رنویر سنگھ کے خلاف درخواست
منگل 26 جولائی 2022 12:28
رنویر سنگھ نے تصویریں کچھ روز پیشتر انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں (فوٹو: انسٹاگرام، رنویر سنگھ)
انڈیا میں بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کے نامناسب فوٹو شوٹ پر پولیس کو درخواست دی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اداکار نے ’خواتین کے جذبات کو ٹھیس‘ پہنچائی ہے اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔‘
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رنویر سنگھ کا ایک میگزین کے لیے فوٹو شوٹ مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر کافی موضوع بحث رہا جس میں تنقید کرنے والے بھی شامل تھے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ باقاعدہ طور پر ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق درخواست چیمبور پولیس سٹیشن میں دی گئی ہے جو کہ مشرقی ممبئی کی ایک این جی او کے افسر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’اداکار نے خواتین کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور اپنی تصویروں کے ذریعے ان کی توہین کی ہے۔‘
درخواست میں رنویر سنگھ کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور انڈین پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اے این آئی نے ایک پولیس افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے ’ہمیں پیر کے روز ایک این جی او سے وابستہ شخص کی جانب سے درخواست دی گئی ہے تاہم ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے اور ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘
خیال رہے کہ رنویر سنگھ نے اپنے اس فوٹوشوٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جس پر شوبز سے وابستہ افراد کے علاوہ ان کے مداحوں نے بھی انہیں سراہتے ہوئے فوٹو شوٹ کو ’بہادرانہ‘ قرار دیا تھا۔
تاہم کچھ لوگوں نے تنقید کرتے ہوئے اس کو ’غیرمناسب‘ بھی قرار دیا تھا۔
پیر کو اداکارہ عالیہ بھٹ رنویر سنگھ کی حمایت میں سامنے آئی تھیں اور کہا کہ وہ ان کے خلاف کوئی بھی منفی بات برداشت نہیں کر سکتیں۔
رنویر سنگھ حال ہی میں نیٹ فلکس پر دکھائی دیے تھے جبکہ آنے والے دنوں میں روہت شیٹھی کی فلم چیکو میں نظر آئیں گے جس میں ان کے ساتھ جیکولین فرنینڈس نے بھی کام کیا ہے جو رواں سال کرسمس کے قریب ریلیز ہو گی۔
اس کے علاوہ رنویر سنگھ ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں عالیہ بھٹ کے ساتھ بھی دکھائی دینے والے ہیں۔ اس فلم میں دھرمیندر، شبانہ اعظمی اور جیا بچن نے بھی اداکاری کی ہے۔
یہ فلم 11 فروری 2023 کو سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔