Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں صارفین فلم ’83‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟

1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی جیت پر مبنی فلم ’83‘ جمعے کو ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: رنویر سنگھ انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی فلم ’83‘ جس کا ان کے مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا، 24 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ جیسے ہی یہ فلم ریلیز ہوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص ٹوئٹر پر کچھ صارفین کی جانب سے اس فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جانے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے بائیکاٹ 83 کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
فلم ’83‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ سشانت سنگھ راجپوت کے مداح کر رہے ہیں جن کا یہ کہنا ہے کہ رنویر سنگھ نے ایک اشتہار میں سشانت سنگھ کا مذاق اُڑایا ہے۔
چپس بنانے والی کمپنی کا یہ اشتہار گذشتہ سال ریلیز ہوا تھا جس میں رنویر سنگھ سے ایک پارٹی میں خاندان کے کچھ بڑے ان سے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ ’بیٹا! آگے کا کیا پلان ہے؟‘
ان سوالوں سے تنگ رنویر سنگھ سائنسی اصطلاحات کا استعمال کرتے ہوئے ایسا جواب دیتے ہیں کہ سب چکرا جاتے ہیں۔ سشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں کا خیال ہے کہ ’فوٹون‘ جیسی اصطلاح استعمال کر کے ان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی گئی ہے کیونکہ سشانت کو سائنس میں دلچسپی تھی۔

امیتا نامی صارف نے لکھا کہ ’لوگوں کو آتھینٹک اور پلاسٹک کا فرق معلوم ہو جائے گا۔‘

سشانٹیفائے کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’رنویر سنگھ نے کئی بار سشانت کا مذاق اُڑایا ہے، براہ مہربانی یکجہتی کا اظہار کریں اور اس فلم کو سپر ڈپر فلاپ بنائیں۔‘

ایم ایچ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’مجھے کپل دیو کے لیے افسوس ہے لیکن میں ہمارے ہیرو سشانت سنگھ راجپوت کے لیے 83 کا بائیکاٹ کروں گا۔‘

سمت سورابھ نامی صارف نے لکھا کہ ’میں نے کچھ ٹویٹس دیکھی ہیں جن میں سشانت سنگھ راجپوت کی (فلم) ایم ایس دھونی کا 83 سے موازنہ کیا جا رہا تھا۔ میں حالیہ دنوں میں شاید ہی اتنا ہنسا ہوں۔‘

راج فار ایس ایس آر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’پہلے انہوں نے اسے مارا اور پھر ان کی ذہانت کا مذاق اُڑایا۔‘
1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی جیت پر مبنی فلم ’83‘ جمعے کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی کہانی 1983 کے ورلڈکپ کی فاتح انڈین ٹیم کے گرد گھومتی ہے جس کے کپتان کپل دیو تھے۔
'83' میں کپل دیو کا کردار مشہور اداکار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے جبکہ اداکارہ دپیکا پاڈوکون کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیہ کے روپ میں نظر آئیں۔

شیئر: