سعودی بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل فہد الغفیلی نے جہاز پر سعودی پرچم لہرایا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی بحریہ نے منگل کو سپین میں شاہی جنگی جہاز الدرعیہ کا افتتاح کردیا۔ یہ کوویٹ ایفنٹی 2200 ساختہ اور اپنی نوعیت کا دوسرا ہے۔ اس قسم کے پہلے جنگی جہاز کا افتتاح چار ماہ قبل کیا گیا تھا۔ سعودی عرب نے ’السروات‘ منصوبے کے تحت سپین سے 5 جنگی جہازوں کےسودے کیے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جنگی جہاز کے افتتاح کی رسم سپینی شہر سان فرنانڈو میں دونوں ملکوں کے اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں ادا کی گئی۔ سعودی بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل فہد الغفیلی نے الدرعیہ جہاز پر سعودی پرچم لہرایا۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ الدرعیہ جہاز سعودی بحریہ کا باقاعدہ حصہ بن گیا ہے۔
الغفیلی نے کہا کہ آج کا یہ دن تاریخی ہے۔ السروات منصوبے کے تحت دوسرا جنگی جہاز ہماری بحری افواج کا حصہ بن رہا ہے۔ السروات منصوبے کی بدولت بحریہ کی استعداد کا معیار بلند ہوگا۔ خطے میں سمندری سلامتی مستحکم ہوگی۔
الغفیلی نے کہا کہ سعودی بحریہ کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مکمل سرپرستی حاصل ہے وہ سعودی افواج کے کمانڈر اعلی ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی بحریہ کی تمام ضروریات بروقت پوری کررہے ہیں۔
عسکری صنعتوں کی سعودی کمپنی ’سامی‘ کے ایگزیکٹیوچیئرمین ولید ابو خالد نے کہا کہ الدرعیہ جہاز کی سعودی بحریہ میں شمولیت اہم موڑ ثابت ہوگی۔ اس کی بدولت سعودی بحریہ سمندری جنگ کو منظم کرنے والے پہلے سعودی سسٹم سے آراستہ ہوگئی۔