Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے درمیان ملاقات

سعودی سفیر نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں تعاون کے لیے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: ٹوئٹر سفارت سعودی عرب
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی ہے۔
سنیچر کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
بیان کے مطابق سعودی سفیر نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں تعاون کے لیے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’روڈ ٹو مکہ سہولت کی بہترین کامیابی پر حکومت پاکستان، بالخصوص وزارت داخلہ کے بہت ممنون ہیں۔‘  
سعودی سفیر نے کہا ’رواں برس پاکستان سے 80 ہزار سے زائد حج زائرین نے روڈ ٹو مکہ سہولت سے استفادہ کیا۔‘ 
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سعودی حکومت اور خادمین حرمین شریفین کو حج پر بہترین انتظامات پر مبارکباد دی اور پاکستان سے حج زائرین کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد اور اظہار تشکر کیا۔ 
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’حج پر بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت اور خادمین حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘  
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان سے عازمین حج کے لیے انتظامات پر بھی سعودی حکومت اور سفارتخانے کے ممنون ہیں۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ ہیں ۔ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شیریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔‘  
رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ ’سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے۔‘ 
وزیر داخلہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔‘

شیئر: